جنوبی امریکہ میں طوفان اور سیلاب میں 19 افراد ہلاک

سوئیڈاڈ (میکسیکو) ۔ 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے جنوب مغربی علاقوں اور شمالی میکسیکو میں خراب موسم اور طوفان کی وجہ سے کم از کم 19 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ان علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔زیادہ تر لوگوں کی موت میکسیکو کی سرحدی علاقے والے شہر اکیونا میں ہوئی ہے۔ میکسیکو کے شہر سوئیڈاڈ اکیونا میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔کواہولیا ریاست میں ٹیکساس کی سرحد کے پاس والے شہر میں سینکڑوں مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔کواہولیا کے گورنر روبن موریرا نے ایک معائنے کے دوران بتایا کہ 10 بالغ تین بچے ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ایک چھوٹا بچہ لاپتہ ہے۔انھوں نے بتایا کہ تقریبا ڈیڑھ سو افراد کو ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔دو افراد کی ہلاکت اوکلاہوما میں جبکہ تین ٹیکساس کے سین مارکو میں ہلاک ہوئے ہیں۔یہ اموات سمندری طوفان اور بارش کے سبب ہوئی ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بعض علاقوں میں 10 انچ تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس علاقے میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔طوفان اور خراب موسم کی زد میں آ کر ٹیکساس میں کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ مزید 12 افراد لاپتہ ہیں۔مقامی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق یہ افراد بلینکو دریا کے کنارے ہولی ڈے ہوم کے سیلاب میں بہہ جانے کے سبب لاپتہ ہیں ان میں دو بچے بھی شامل ہیں۔اتوار کو دریا کے بندھ ٹوٹنے سے علاقے میں سینکڑوں مکانات بہہ گئے ہیں۔میکسیکو سے موصول ہونے والی تصاویر میں تباہی کے مناظر نظر آتے ہیں اور کاروں اور عمارتوں کو ہونے والے نقصانات کو دیکھا جا سکتا ہے۔متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔کولوریڈو سے ارکنساس، لوئزیانا، میسوری اور کینساس میں وارننگ اور انتباہ جاری کئے جا رہے ہیں۔اکیونا کے میئر ایورسٹو لینن پیریز نے بتایاکہ ’جو لوگ گھر سے باہر تھے ان کی موت ہوئی ہے۔ جو لوگ گھر میں تھے وہ محفوظ ہیں۔‘ان کا کہنا ہیکہ ’سو سال پہلے جب سے یہ شہر بسا ہے اس کے بعد سے اکیونا میں آنے والا یہ پہلا طوفان ہے۔‘