جنوبی افغانستان میں شدید لڑائی ، درجنوں ہلاکتیں

قندھار۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) افغان سکیورٹی فورسیس اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان شدید لڑائی میں درجنوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور یہ لڑائی کشیدہ جنوبی صوبہ کے تین اضلاع میں پھیل چکی ہے، عہدیداروں نے یہ بات کہی۔ صوبہ ہیلمند میں جاری جھڑپیں اس پس منظر میں ہورہی ہیں کہ اسلامی ملیشیا گروپ نے اپنی نام نہاد گرمائی مہم چھیڑ دی ہے ، جس میں وہ گرم ترین موسم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مغربی حمایت والی حکومت کے خلاف حملوں میں شدت پیدا کرتا ہے جو صدر حامد کرزئی کی فورسیس کے لئے بڑی آزمائش کا وقت ہوتا ہے جو یہ ثابت کرنے کوشاں ہے کہ وہ اپنے عوام کی بخوبی حفاظت کرسکتے ہیں جبکہ امریکہ اور اس کے حلیف اپنا لڑاکا مشن ختم کرکے واپس ہونے والے ہیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ طالبان جنگجوؤں نے ہیلمند کے ضلع سنگین میں اتوار کو پولیس چیک پوائنٹس پر حملے شروع کردیئے جس سے حکومت کو کمک بھیجنے پر مجبور ہونا پڑا تاکہ مقامی دستوں کو مضبوط کیا جاسکے۔ افغان وزارت دفاع کے ترجمان جنرل محمد ظہیر عظیمی نے آج جھڑپوں میں شدت کی توثیق کی ہے۔