جنوبی افریقہ کے پکوان مقابلہ میں ’’سموسہ‘‘ کی جیت

جوہانسبرگ ۔ 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) عام طور پر شام کی چائے کے ساتھ کھائے جانے والے سموسے جس میں کشمیری چلی چکن بھرا ہوتا ہے، جس سے اس کا ذائقہ اتنا اچھا ہوجاتا ہے کہ کیا بچے، کیا جوان اور کیا بوڑھے سب ہی اسے چٹخارے لیکر کھاتے ہیں لیکن یہ کسی نے سوچا بھی نہ ہوگا کہ یہی سموسہ جنوبی افریقہ میں منعقد کئے گئے ایک مقابلہ میں چاکلیٹس، کاجو اور دیگر مزیدار اشیاء کو مات دے گا۔ جنوبی افریقہ میں ہندوستانی برادری کیلئے خصوصی طور پر شائع کئے جانے والے سب سے بڑے اخبار کی جانب سے مقابلہ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ سموسہ ایک ایسا چاٹ ہے جس میں کئی مزیدار اشیاء بھری جاتی ہیں جیسے آلو اور قیمہ۔ اس کے علاوہ بعض سموسے میٹھے بھی ہوتے ہیں جن میں کھوا بھرا جاتا ہے۔ ہندوستان کی ریاست پنجاب میں سموسوں کا سب سے زیادہ چلن ہے۔ ویکلی پوسٹ کی جانب سے منعقدہ اس مقابلہ میں سلمیٰ نامی خاتون کو مقابلہ کا فاتح قرار دیا گیا۔ سلمیٰ کی انٹری ان کی جانب سے ان کی دختر نے داخل کی تھی۔ بعدازاں انہوں نے اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کھانا پکانا بیحد پسند ہے۔ میں ہمیشہ ہر پکوان کو نئے انداز سے مزید ذائقہ دار بنانے کی کوشش کرتی ہوں۔