جنوبی افریقہ کی مسجد میں چاقو سے حملہ، دو ہلاک

کیپ ٹاؤن۔ 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کے کیپ ٹاؤن میں واقع مسجد میں جمعرات کو ایک حملہ آور نے چاقو سے حملہ کرکے دو لوگوں کو مار ڈالا جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے ۔ بعد میں پولیس نے حملہ آور کو بھی ہلاک کر دیا۔مسلم عدالتی کونسل نے ایک بیان میں کہا کہ اس حملہ کے متاثر لوگ مسجد میں اعتکاف کررہے تھے اسی دوران حملہ آور چاقو کے ساتھ مسجدمیں داخل ہوکر فجر (صبح) کی نماز میں شامل ہوگیا۔حملہ آور نے سب سے پہلے امام پرحملہ کیا ۔جب ان کی حفاظت کے لئے لوگ آگے آئے تو اس نے ان پر بھی حملہ کردیا۔ یہ واقعہ بندرگاہی شہر ڈربن کے شمال میں واقع مسجد میں بندوق اور چاقو سے لیس تین افرادکے حملہ کے عین ایک ماہ بعد پیش آیا ہے ۔ اس حادثہ میں تین لوگوں کا گلاکاٹ دیا گیا تھا جس میں ایک کی موت ہوگئی اور دیگر دو شدید زخمی ہوگئے تھے ۔ پولیس نے ڈربن واقعہ کودہشت گردانہ سرگرمی قرار دیا تھا۔ پولیس کے مطابق جب 30 سالہ حملہ آور نے پولیس افسر پر حملے کی کوشش کی تو اسے گولی ماردی گئی۔جنوبی افریقہ میں مسلم فرقہ کی قابل لحاظ آبادی مغربی کیپ صوبے میں ہے جس میں یہ شہر بھی شامل ہے ۔