کیپ ٹاؤن ۔ 4 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مسلسل تیسری مرتبہ جنوبی افریقہ نے دلائی لامہ کو یہاں آئندہ ماہ ورلڈ سمٹ آف نوبل پیس لاریٹس میں شرکت کیلئے ویزا عطا کرنے سے انکار کردیا ہے کیونکہ ایسا اندیشہ ہیکہ تبتی روحانی رہنما کا سفر چین کے ساتھ تعلقات کو لیت و لعل میں ڈال دے گا۔ دی انڈیپنڈنٹ آن لائن نے اطلاع دی کہ جنوبی افریقہ میں دلائی لامہ کی نمائندہ نانگسا چیڈان نے کہا کہ محکمہ بین الاقوامی تعلقات اور تعاون کے عہدیداروں نے انہیں فون پر مطلع کیا کہ تبتی روحانی رہنما کو ویزا عطا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ دلائی لامہ نے فی الحال اپنا سفر جنوبی افریقہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔