جنوبی افریقہ میں وی کے سنگھ دو پراجکٹس کا افتتاح کرینگے

جوہانسبرگ ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ریاستی وزیر برائے امورخارجہ جنرل وی کے سنگھ جاریہ ہفتہ اپنے دورہ جنوبی افریقہ کے دوران ہندوستان کے سرمائے سے تیار کئے جانے والے دو فلاحی پراجکٹس کا افتتاح کریں گے۔ یاد رہیکہ مسٹر سنگھ 7 تا 10 اپریل جنوبی افریقہ کا سرکاری دورہ کررہے ہیں۔ ڈربن میں ہفتہ کے روز ہندوستانی سرمائے سے تیار کئے گئے دو فلاحی پراجکٹس کا افتتاح ان کے پروگرام میں شامل ہے جس کا اعلان وزیراعظم نریندر مودی نے گذشتہ سال کیا تھا۔ ابالندی نامی ایک غیرمنفعت بخش این جی او میں ایک مطبخ اور ڈائننگ ہال کی تعمیر کیلئے ایک ملین رنیڈ فراہم کئے گئے ہیں۔ ابالندی غریبوں، عمر رسیدہ افراد، شدید بیمار افراد اور ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی امداد کرتی ہے۔ علاوہ ازیں غریب بچوں کیلئے ایک اسکول، یتیم خانہ اور نوجوانوں کے لئے مختلف ہنر سیکھنے کیلئے ایک مرکز بھی قائم کیا گیا ہے ۔ دوسرا پراجکٹ اناندہ میں شروع کیا جائے گا جہاں سے مہاتما گاندھی نے فینسکس معاہدہ کو قطعیت دی تھی اور اپنے کمیونٹی پراجکٹس چلایا کرتے تھے۔ انہوں نے وہیں سے نسل پرستی کے خلاف اپنی تحریک شروع کی تھی۔ یہ پراجکٹ اب مکمل ہوچکا ہے اور کمیونٹی کے استعمال کیلئے باقاعدہ شروع کیا جائے گا۔ بعدازاں مسٹر سنگھ نے مہاتما گاندھی سنٹر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا بھی افتتاح کیا۔