پاناجی 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بامبے ہائیکورٹ نے تہلکہ کے بانی ایڈیٹر ترون تیج پال کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ جسٹس یو وی باکرے نے جو بامبے ہائیکورٹ کی گوا بنچ سے تعلق رکھتے ہیں، تیج پال کی درخواست ضمانت مسترد کردی جنھیں گزشتہ سال 30 نومبر کو پیشگی ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ قبل ازیں دن میں عدالت نے اُنھیں اجازت دے دی ہے کہ وہ اپنی بیمار والدہ کی عیادت کرسکتے ہیں جو قصبہ ماپوسا کے ایک ہسپتال میں دماغ کے کینسر کے سلسلہ میں زیرعلاج ہیں۔ وکیل سواپنل لاچی نولکر کے بموجب تیج پال نگرانکار کے ساتھ کل صبح ہسپتال روانہ کئے جائیں گے۔