نئی دہلی، 30جنوری (سیاست ڈاٹ کام) خواتین اور بہبود اطفال کی مرکزی وزارت مرکزی حکومت کے دفاتر، محکموں اور اداروں میں خواتین کے جنسی استحصال کے معاملات کی انکوائری کے لئے قائم شعبہ جاتی کمیٹی کے سربراہوں کو تربیت دینے کا منصوبہ بنارہی ہے ۔سرکاری دفاتر اور محکموں میں خواتین کے جنسی استحصال قانون 2013 کے سلسلے میں عملہ اور تربیت محکمہ نے ایک نیا گائیڈلائنس جاری کیا ہے ۔ اس کے بارے میں خواتین اور بہبود اطفال کی وزارت کا کہنا ہے کہ کام کے مقامات پر خواتین کے جنسی استحصال سے متعلق امور پر مسلسل کام کیا جائے گا اور اس سلسلے میں درپیش مسائل سے نمٹنے کے لئے تبادلہ خیال جاری رہے گا۔ وزارت اس قانون کو موثر طور پر نافذ کرنے کے لئے شعبہ جاتی انکوائری کمیٹی کے سربراہوں کو تربیت بھی دے گی اور اس کے لئے منصوبہ تیار کیا جارہا ہے ۔جنسی استحصال سے متعلق معاملات کی جانچ تیس دن میں اور خصوصی حالات میں شکایت ملنے کے 90دنوں کے اندر مکمل ہوجانا چاہئے ۔ جانچ افسر کو مقرروقت کے اندر جانچ کا کام مکمل کرنے کے لئے خصوصی طور پرتربیت دی جائے گی۔