جنرل منیجر ایس سی آر کی چیف سکریٹری تلنگانہ سے ملاقات ، ریلوے پروجیکٹس پر بات چیت

حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( این ایس ایس ) : جنرل منیجر ایس سی آر رویندرا گپتا نے جمعہ کو تلنگانہ کے چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما سے سکریٹریٹ میں ملاقات کی اور تلنگانہ ریاست میں جاریہ مختلف ریلوے پروجیکٹس سے متعلق بات چیت کی ۔ جی ایم ساوتھ سنٹرل ریلوے نے ریاستی حکومت کا نئی تشکیل شدہ ریاست میں ریل نیٹ ورک کے ڈیولپمنٹ کے سلسلے میں پروجیکٹس کے لیے تعاون دراز کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔ ریلوے کے محکمہ جاتی منصوبوں کو زیر بحث لایا گیا ، جس میں ایم ایم ٹی ایس مرحلہ دوم کا پروجیکٹ اور ایم ایم ٹی ایس نیٹ ورک کی یادگیری ٹیمپل تک توسیع ، جڑواں شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں موجودہ تین بڑے ریلوے اسٹیشنوں کو تنگی سے عاری بنانے کے لیے چرلہ پلی اور ناگولہ پلی میں دو نئے پاسنجر ریل ٹرمنلس کا فروغ ، ضرورت کے مطابق فرائیٹ ضرورتوں کے حل کے لیے حیدرآباد سے باہر دو نئے فرائیٹ ٹرمنلس کا ڈیولپمنٹ شامل ہے ۔ تلنگانہ ریاست میں جاریہ نئی ریلوے لائنس ، ڈبلنگ ، ٹرپلنگ ، برقیانے کے ریل پروجیکٹس بھی زیر بحث رہے ۔۔