جنرل زبیرپاکستان کے نئے سی جے سی ایس سی

جنرل راشد محمود کی جگہ تقرری۔ نئے فوجی سربراہ جنرل باجوا آج جائزہ لینگے
اسلام آباد ۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جنرل زبیر محمود حیات نے آج پاکستان کے نئے چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی حیثیت سے فوجی چھاؤنی والے شہر راولپنڈی میں منعقدہ سرکاری تقریب میں جائزہ حاصل کرلیا۔سرکار سینئر ترین افسر زبیر کو چار ستارہ جنرل کے ر تبہ پر ہفتہ کو ترقی دیتے ہوئے 17 ویں چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (SCJCSC) مقرر کیا گیا۔ وہ اس عہدہ پر سبکدوش جنرل راشد محمود کے جانشین بنے ہیں، جنہوں نے اپنی تین سالہ میعاد کی تکمیل کرلی ہے۔ زبیر کو آج کی تقریب میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جہاں تمام سربراہان اسٹاف بشمول سبکدوش ہونے والے فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف نے شرکت کی۔ آنے والے آرمی چیف جنرل قمر جواد باجوا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ باجوا فوج کی کمان آنے والی کل (منگل کو) سنبھالیں گے۔ اصولاً سی جے سی ایس سی کا عہدہ تینوں خدمات (آرمی، نیوی اور ایرفورس) سے وابستہ کسی ایک فور۔ اسٹار آفیسر کے حق میں جانا چاہئے، لیکن روایت کے مطابق یہ عہدہ اب آرمی آفیسر کو مل رہا ہے۔ سی جے سی ایس سی نیوکلیئر کمانڈ اور جنگی نقطہ نظر سے اہمیت کے حامل مراکز کے کلیدی امور پر کنٹرول کرتا ہے، نیز ملک کی سلامتی میں مؤثر رول بھی ادا کرتا ہے۔ سی جے سی ایس سی ڈپٹی چیرمین نیشنل کمانڈ اتھاریٹی (این سی اے) تعیناتی کمیٹی بھی ہوتا ہے، جس کی سربراہی وزیراعظم کرتے ہیں۔