اسلام آباد ۔22 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف کے بااعتماد سمجھے جانے والے لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر کو ملک کی طاقتور جاسوسی ایجنسی آئی ایس آئی کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ لیفٹننٹ جنرل اختر کو تھری اسٹار جنرل کی حیثیت سے ترقی دیتے ہوئے ڈائرکٹر جنرل انٹر سرویسیس انٹلی جنس مقرر کیا گیا ہے ۔ حکومت نے فوجی شعبہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کیا اور سمجھا جاتا ہے کہ اس نئی تبدیلی سے جنرل راحیل شریف کو ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام کے ماحول میں زیادہ اختیارات حاصل ہوں گے ۔ آئی ایس آئی کے پبلک ریلیشن ڈائرکٹر جنرل میجر عاصم باجوا نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ پانچ میجر جنرلس کو ترقی دی گئی ہے ۔ لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر یکم اکتوبر سے نئی ذمہ داری سنبھالیں گے جبکہ موجودہ آئی ایس آئی سربراہ لیفٹننٹ جنرل ظہیرالاسلام اور دیگر چار اُس وقت سبکدوش ہورہے ہیں ۔ قانونی اور تکنیکی پہلو سے آئی ایس آئی سربراہ کا تقرر وزیراعظم کی جانب سے فوجی سربراہ کے مشورہ پر کیا جاتا ہے ۔ عام طورپر فوجی سربراہ وزیراعظم کو نام کی تجویز پیش کرتے ہیں اور رسمی طورپر اسے منظوری دی جاتی ہے ۔