جدہ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کا م) پاکستان کے سابق آرمی چیف ریٹائرڈ جنرل راحیل شریف مکہ مکرمہ پہنچنے والے ہیں جہاں وہ عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔جنرل راحیل شریف خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔اس سے پہلے انھوں نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دی۔جنرل راحیل شریف 26 نومبر کو اپنی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد ریٹائر ہوگئے تھے اور انھوں نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاک فوج کی کمان سونپ دی تھی۔گذشتہ ہفتے یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ انھیں سعودی عرب کی قیادت میں انتالیس مسلم ممالک پر مشتمل اتحاد کا دفاعی مشیر مقرر کیا جا رہا ہے۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف کی کوششوں کے نتیجے میں یہ دہشت گردی مخالف اتحاد تشکیل پایا تھا۔اس کے صدر دفاتر (مشترکہ کمان مرکز) الریاض میں قائم ہیں۔سعودی عرب کے مطابق یہ فوجی اتحاد داعش اور دوسرے جنگجو گروپوں کے خلاف لڑائی کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔ابتدا میں اس میں چونتیس ممالک شامل تھے۔اب ان کی تعداد بڑھ کر انتالیس ہوچکی ہے۔ان میں سعودی عرب ،پاکستان ،ترکی ،متحدہ عرب امارات ،بحرین ،بنگلہ دیش ،تیونس ، سودان ،ملائشیا،مصر ،یمن اور دوسرے ممالک شامل ہیں۔گذشتہ ہفتے اومان کی اس اتحاد میں شمولیت کی خبریں بھی منظرعام پر آئی تھیں۔ اومانی سلطنت کی جانب سے سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کو ایک خط بھیجا گیا تھا جس میں اس نے مسلم ممالک پر مشتمل فوجی اتحاد میں شمولیت پر آمادگی ظاہر کی تھی۔