اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان نواز شریف توقع ہیکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب کے دوران کشمیر کا مسئلہ بھی اٹھائیں گے۔ یہاں موجود ایک سینئر سفارتکار نے یہ بات بتائی اور کہا کہ نواز شریف کشمیر کے مسئلہ کو لیکر کافی حساس ہیں اور اس کی اہمیت کو اچھی طرح سمجھتے ہیں لہٰذا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران اس بات کا امکان موجود ہے کہ موصوف مسئلہ کشمیر کا بھی احاطہ کریں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ گذشتہ سال بھی نواز شریف نے جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کو اٹھایا تھا جس کے بعد وزیراعظم ہند نریندر مودی نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سکریٹری جنرل بان کی مون سے اس کی شکایت کی تھی اور واضح طور پر کہا تھا کہ جنرل اسمبلی ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں کسی دو ممالک کے تنازعات کے موضوع کو نہیں اٹھایا جاسکتا۔ سفارتکار کے مطابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف لائن آف کنٹرول پر پائی جانے والی کشیدگی کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لئے انہوں نے کئی سفارشات اور تجاویز بھی پیش کی ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ نواز شریف منگل کو نیویارک کیلئے روانہ ہوئے اور 30 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔