چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر سے وی ہنمنت راؤ کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے سپریم کورٹ کی جانب سے دہلی کے احتجاجی مقام جنترمنتر کے لیے دئیے گئے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے حیدرآباد میں بھی دھرنا چوک کو بحال کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ دستور ہند نے ملک کے ہر شہری کو اظہار خیال کی مکمل آزادی دی ہے اور اپنے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کے خلاف جمہوری انداز میں احتجاج کرنے کا موقع فراہم کیا ہے ۔ ملک کے صدر مقام دہلی میں جنترمنتر پر نا انصافیوں کے خلاف احتجاج کیا جاتا ہے ۔ سپریم کورٹ نے جنترمنتر پر احتجاج کرنے پر روک لگادینے سے انکار کردیا جس کا کانگریس پارٹی خیر مقدم کرتی ہے ۔ ہنمنت راؤ نے سپریم کورٹ کے تازہ فیصلے کا احترام کرتے ہوئے حیدرآباد کے دھرنا چوک کو بحال کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس بھی ایک احتجاجی جماعت ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تحریک کے دوران ٹی آر ایس نے احتجاجی رخ اختیار کیا تھا ۔ اقتدار حاصل کرنے کے بعد حکمران ٹی آر ایس احتجاج کو اپنے لیے نقصان دہ تصور کرتے ہوئے دھرنا چوک پر پابندی عائد کردی ہے ۔ دھرنا چوک کے علاوہ شہر کے کسی بھی مقام پر کسی کو بھی احتجاج کرنے نہیں دیا جارہا ہے ۔ جو دستور کی جانب سے فراہم کردہ حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔ سیاسی جماعتوں کے علاوہ رضاکارانہ تنظیمیں عوام کے مسائل پر احتجاج کرتے ہوئے معاملے کو حکومت سے رجوع کرتے ہیں تاکہ حکومت اس پر فوری توجہ دے سکے لیکن علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پانے کے بعد دستوری حقوق کو پامال کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر عوام سے ملاقات نہیں کرتے کبھی سکریٹریٹ کا رخ نہیں کرتے عوام اور سیاسی جماعتیں مسائل کیسے پیش کریں ۔ ایک دھرنا چوک تھا جس پر برسوں سے احتجاج کیا جارہا تھا اس کو بھی ختم کردیا گیا ۔ چیف منسٹر سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے فوری دھرنا چوک بحال کریں ۔۔