جنتا پریوار کے منقسم گروپوں کو متحد کرنے کی کوشش پر وینکیا نائیڈو کی تنقید

حیدرآباد 16 نومبر ( پی ٹی آئی ) بی جے پی کے سینئر لیڈر اورمرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے جنتا دل کے احیاء کیلئے بعض جماعتوں کی طرف سے جاری کوششوں کو آزمودہ اور ناکام تجربات قرار دیتے ہوئے آج مسترد کردیا اور کہا کہ ان کوششوں سے ان کی پارٹی ( بی جے پی ) کیلئے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا ۔ سابق جنتا پارٹی پریوار کے منقسم گروپوں کو متحد کرنے بعض جماعتوں کی کوشش سے متعلق ایک سوال پر مسٹر وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ’’ یہ سب آزمودہ ناکام تجربات ہیں‘‘۔ انہوں نیمزید کہا کہ ’’آخر کتنی مرتبہ یہ جنتا پریوار متحد ہوگا اور آپس میں لڑے گا اور بکھر جائے گا اور چھوٹی چھوٹی کمیٹیوں اور پارٹیوں میں منقسم ہوجائے گا اور اگر ایک بار پھر یہ سب متحد ہوتے بھی ہیں تو اس سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا ۔ مسٹر وینکیا نائیڈو نے یہ تبصرے ان اطلاعات کے پس منظر میں کئے ہیں کہ سماجوادی پارٹی (ایس پی) ، جنتا دل (یو) ، جنتا دل (ایس )، انڈین نیشنل لوک دل اور سماجوادی جنتا پارٹی دوبارہ جنتا پریوار میںمتحد ہونے کیلئے بات چیت کررہے ہیں۔