پٹنہ ۔ یکم جون ( سیاست ڈاٹ کام ) اسمبلی انتخابات کی آہٹ اور جنتا پریوار کے انضمام پر تعطل سے بہار میں سیاسی ماحول گرماجانے کے پیش نظر آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے آج چیف منسٹر نتیش کمار کے کورٹ میں گیند ڈالتے ہوئے کہا کہ اتحاد کے بارے میں قطعی فیصلہ کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ایک ہفتہ قبل نتیش کمار کو ٹیلیفون کیا تھا اور بتایا کہ ایام تیزی سے گذرتے جارہے ہیں اور اب ہمیں مل بیٹھنا چاہیئے تاکہ اتحاد ا‘ انتخابات اور نشستوں پر فیصلہ کیا جائے ‘ کیونکہ سیاسی حلقوں میں جنتا پریوار کے انضمام کے بارے میں مختلف قیاسی آرائیاں کی جارہی ہے جس کا ازالہ ضروری ہوگیا ہے ۔ آر جے ڈی سربراہ نے کہا کہ نتیش کمار اپنی آنکھ کے آپریشن کی وجہ سے نہیں آسکے ہیں ۔ جنتا دل متحدہ کے سربراہ شرد یادو نے ان سے ملاقات کر کے مذکورہ اُمور پر متبادلہ خیال کیا ہے ۔انہوں ے بتایا کہ وقت کا تقاضہ ہیکہ جنتا پریوار کے اتحاد کو جلد از جلد قطعیت دے دی جائے تاکہ جنتادل متحدہ مجوزہ اسمبلی مفاہمت کے بارے میں کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی سے بات چیت کیلئے پیشرفت کر سکے اگر آٖ آر جے ڈی اور جے ڈی یو کے درمیان انضمام چاہتے ہیں تو میں تیار ہوں اور اب ہمیں مل بیٹھ کر منظم فیصلہ کرلینا چاہیئے ۔مسٹر لالو پرساد یادو نے کہا کہ اگر اتحاد کا فیصلہ کرلیا گیات و تمام مسائل بشمول قیادت اور وزارت اعلیٰ کے امیدوار کی یکسوئی کرلی جائے گی ۔