جناردھن ریڈی کی بیلاری میں داخلے کی اجازت کی درخواست سپریم کورٹ میں مسترد

نئی دہلی 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج کانکنی کے شعبے کی اہم شخصیت اور بی جے پی قائد جی جناردھن ریڈی کی ریاست کرناٹک کے ضلع بیلاری میں انتخابی مہم چلانے کے لئے داخلہ کی اجازت کی درخواست مسترد کردی۔ جسٹس اے کے سیکری اور جسٹس اشوک بھوشن پر مشتمل ایک بنچ نے درخواست کو مسترد کردیا تھا جو جناردھن ریڈی کے بھائی جی سوم شیکھر ریڈی نے انتخابی مہم چلانے کے لئے بیلاری میں داخلے کی اجازت کے لئے درخواست پیش کی تھی۔ وہ بھی بی جے پی کے قائد ہیں اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں کرناٹک میں امیدوار ہیں۔ 2009 ء میں جناردھن ریڈی کو جیل بھیج دیا گیا تھا کیوں کہ وہ غیرقانونی کانکنی میں ملوث پائے گئے تھے۔ یہ کانکنی اضلاع بیلاری (ریاست کرناٹک) اور اننت پور (ریاست آندھراپردیش) میں کی جارہی تھی۔ جنوری 2015 ء میں سپریم کورٹ نے اُن کی ضمانت پر رہائی کی درخواست منظور کی تھی۔