سیلاب و زلزلے سے محفوظ حیدرآباد آئی ٹی مر کز کیلئے منتخب:کے سی آر
حیدرآباد ۔ /29 ڈسمبر (این ایس ایس) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے آندھرائی ہم منصب اور کٹر سیاسی حریف این چندرا بابو نائیڈو پر شہر حیدرآباد ، آئی ٹی کمپنیوں اور سائبر ٹاورس کی تعمیر کے ضمن میں جھوٹے پروپگنڈے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے سخت مذمت کی اور کہا کہ نائیڈو کے دعوے قطعی غلط اور بے بنیاد ہیں ۔ کے سی آر نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ سابق چیف منسٹر این جناردھن ریڈی نے اس وقت کے وزیراعظم راجیو گاندھی کے تعاون سے حیدرآباد میں سائبر ٹاورس کی تعمیر کے لئے سنگ بنیاد رکھا تھا ۔ کے سی آر نے کہا کہ حیدرآباد کے جغرافیائی محل وقوع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اس تاریخی شہر کو محض اس لئے آئی ٹی مرکز کے طور پر توسیع کے لئے منتخب کیا گیا کہ یہ حیدرآباد زلزلوں ، طوفان ، سیلاب اور دیگر آفات سے بڑی حد تک محفوظ رہا ہے ۔ ان حقائق کے برخلاف چندرا بابو اس دعوے پر اپنا سینہ پیٹھ رہے ہیں کہ وہ ہی سائبر ٹاورس ، سائبر سٹی وغیرہ وغیرہ کے بلڈر و معمار ہیں ۔