ممبئی ۔3مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) نامور گیت کار اور اسکرین پلے رائیٹر جاوید اختر نے آج کہا کہ محمد علی جناح کے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کی دیواروں پر تصویر کے خلاف احتجاج شرمناک ہے لیکن جو لوگ اس کے خلاف احتجاج کررہے ہیں انہیں چاہیئے کہ گوڈسے کے اعزاز میں مندروں کے قیام پر بھی اعتراض کرنا چاہیئے ۔ 73سالہ گیت کار نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا ہے کہ یہ ایک بیکار تنازعہ ہے جو علیگڑھ کے رکن پارلیمنٹ ستیش گوتم نے پاکستان کے بانی کی تصویر علیگڑھ مسلم یونیورسٹی طلبہ یونین کے دفتر کی دیواروں پر موجودگی کے خلاف شروع کیا ہے ۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے ترجمان شفیع قدوائی تصویر آویزاں کرنے کے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ یہ تصویر برسوں سے یونین کے دفتر کی دیوار پر موجود ہے ۔ جناح کو اُس وقت یونین کا تاحیات رکن مقرر کیا گیا تھا جب کہ انہوں نے علحدہ پاکستان کا مطالبہ بھی نہیں کیا تھا ۔