رمضان انتظامات کا جائزہ، مختلف مسائل پر بھی غوروخوض
حیدرآباد 13 جون (سیاست نیوز) رمضان المبارک کے موقع پر تاریخی مکہ مسجد میں موثر انتظامات کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی 14 جون کو مکہ مسجد کا دورہ کریں گے ۔ ان کے ہمراہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے علاوہ برقی ‘بلدیہ ‘آبرسانی اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار موجود رہیں گے ۔ حکومت نے رمضان المبارک کے موقع پر شہر کی تمام مساجد اور اہم مقامات پر موثر انتظامات کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں حال ہی میں جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے دورہ کے موقع پر مکہ مسجد میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا جائے گا ۔ بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے رمضان کے پہلے دہے میں تراویح کے موقع پر مسجد کے صحن میں شامیانوں کی تنصیب کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے ۔ گذشتہ دو برسوں سے مسجد کے صحن میں شامیانے نصب کئے جارہے ہیں تا کہ تراویح میں شریک مصلیوں کو تکلیف نہ ہو ۔ رمضان کے پہلے دہے میں مکہ مسجد میں نماز تراویح میں ہزاروں فرزندان توحید شرکت کرتے ہیں اور صفیں مسجد کے صحن میں آجاتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسجد کے حوض کی صفائی کے علاوہ چھت سے پانی کے اخراج کو روکنے کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ مکہ مسجد کے انتظامات کے سلسلہ میں جب کبھی جائزہ اجلاس منعقد کیا جاتا ہے حکومت مناسب فنڈس جاری کرنے کا تیقن دیتی ہے لیکن عملی اقدامات نہیں کئے جاتے ۔ مکہ مسجد کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اور مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا مسئلہ طویل عرصہ سے زیر تصفیہ ہے ۔ اسٹاف کی کمی کے سبب مسجد میں صفائی کے انتظامات میں دشواری ہورہی ہے ۔ تنخواہوں میں اضافہ کی فائیل حکومت کے زیر غور ہے ۔ ملازمین کو توقع ہے کہ رمضان المبارک کے موقع پر حکومت تنخواہوں میں اضافہ کو منظوری دے گی ۔