حج اکبر انتظامات کا جائزہ ، عازمین اور سعودی حکام سے تبادلہ خیال
حیدرآباد۔2اکٹوبر(سیاست نیوز)نائب وزیر اعلی تلنگانہ ریاست جناب محمد محمو دعلی نے حج اکبر کے انتظامات کا جائزہ لیا انہوں نے منیٰ پہنچ کر تلنگانہ کے عازمین حج سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے متعلق معلومات حاصل کی۔جناب محمد محمود علی نے منیٰ کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے تلنگانہ کے عازمین حج کو فراہم کئے جانے والے انتظامات سے واقفیت حاصل کی بعد ازاں انہوں نے سعودی حکام اور مرکزی حج کمیٹی کے ذمہ داران کیساتھ ملکر عازمین حج کو برقی اور پانی کی موثر فراہمی کو یقینی بنانے کے متعلق تبادلہ خیال بھی کیا۔ جناب محمد محمود علی نے بتایا کہ کچھ ایک مقام پر سعودی حکام کی جانب سے نصب کئے گئے آٹومیٹک کولرس میں تکنیکی خرابی پائی گئی تھی جس کے سبب عازمین کو شدت کی گرمی کا سامنا بھی کرنا پڑرہا تھا مگر سعودی حکام کی توجہہ دہانے کے بعد اس مسلئے کو حل کرلیاگیا۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے عازمین میں نائب وزیر اعلی سے ملاقات کے دوران کافی جوش وخروش بھی دیکھنے کو ملا۔ نائب وزیر اعلی تلنگانہ ریاست جناب محمد محمو دعلی تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کی راست نگرانی کریں گے اور حج اکبر کی تکمیل کے بعد قونصلیٹ جنرل جدہ اور رباط منتظمین سے ملاقات کے ذریعہ برسوں سے تعطل کاشکار مسلئے رباط کو حل کریں گے۔ 8اکٹوبر کو نائب وزیر اعلی تلنگانہ ریاست جناب محمد محمو دعلی سعودی حکام سے بھی ملاقات کریں گے اور 9اکٹوبر کو حیدرآباد پہنچیں گے۔