اسمبلی کے لیے مسلم اہل امیدواروں کے نام بھی پیش ، ہمدردانہ غور کرنے انچارج اے پی امور کانگریس کا تیقن
حیدرآباد۔/27مارچ، ( سیاست نیوز) سابق ریاستی وزیر محمد فرید الدین نے آج نئی دہلی میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری و انچارج آندھرا پردیش اُمور ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات کی اور تلنگانہ کی لوک سبھا و اسمبلی نشستوں پر مسلم نمائندگی پر یادداشت حوالے کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانگریس پارٹی لوک سبھا کی ایک نشست اور اسمبلی کی 7نشستوں پر مسلم امیدوار کھڑا کرے گی۔ محمد فرید الدین نے حلقہ لوک سبھا ظہیرآباد سے اپنی دعویداری پیش کی اور واضح کردیا کہ اگر انہیں ظہیرآباد لوک سبھا کے علاوہ کسی اور بیرونی حلقہ سے مقابلہ کی پیشکش کی جائے تو وہ اس کے لئے تیار نہیں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی نے انہیں ظہیرآباد لوک سبھا کے بجائے سنگاریڈی، میدک، راجندر نگر اور مشیرآباد اسمبلی حلقوں کا پیشکش کیا تاہم انہوں نے ان حلقوں سے مقابلہ سے انکار کردیا۔ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات کے بعد فریدالدین نے ’’سیاست‘‘ کو بتایا کہ پارٹی حلقہ لوک سبھا ظہیرآباد سے سٹنگ ایم پی کو تبدیل کرنے میں پس و پیش کررہی ہے تاہم فرید الدین کا یہ استدلال ہے کہ لوک سبھا حلقوں کیلئے وہ واحد اقلیتی قائد ہیں جنہوں نے اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ ڈگ وجئے سنگھ نے اقلیتوں کو لوک سبھا میں نمائندگی کے سلسلہ میں فرید الدین کے نام پر ہمدردانہ غور کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کریں گی۔ فرید الدین نے تلنگانہ کے ہر ضلع سے اسمبلی کیلئے ایک مسلمان کو ٹکٹ دینے کی نمائندگی کی اور کامیابی کے اہل امیدواروں کے نام بھی پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں اقلیتیں آبادی کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر ہیں لہذا انہیں ٹکٹوں کی تقسیم میں مناسب نمائندگی ملنی چاہیئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارٹی کم از کم 7اسمبلی نشستوں سے مسلم امیدواروں کو ٹکٹ دے گی۔