جائنٹ سکریٹری کے عہدہ سے مستعفی ، سوسائٹی کا ہنگامی اجلاس
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : جرنلسٹس کوآپریٹیو ہاوزنگ سوسائٹی حیدرآباد کے سکریٹری عہدے پر جناب محمد شہاب الدین ہاشمی بیورو چیف روزنامہ سیاست کا بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آیا ۔ اس انتخاب کے لیے جرنلسٹس کوآپریٹیو ہاوزنگ سوسائٹی کا آج ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں مسٹر سیلیش ریڈی سکریٹری کے استعفیٰ کو منظور کرتے ہوئے سکریٹری عہدے کے لیے انتخاب منعقد کیا گیا ۔ جس پر اجلاس میں شریک تمام عہدیداروں و ارکان حیدرآباد جرنلسٹس کوآپریٹیو سوسائٹی نے جوائنٹ سکریٹری سوسائٹی کے عہدے پر فائز مسٹر محمد شہاب الدین ہاشمی کو سکریٹری عہدے پر بلا مقابلہ منتحب کرنے کا فیصلہ کیا جس پر صدر سوسائٹی مسٹر وینکٹا چاری نے مسٹر ہاشمی کے بلا مقابلہ انتخاب کا اعلان کیا ۔ اس کے ساتھ ہی مسٹر ہاشمی نے جوائنٹ سکریٹری عہدے سے استعفیٰ دیدیا اور اس استعفیٰ کو منظور کرتے ہوئے اجلاس نے جوائنٹ سکریٹری عہدے پر شریمتی ارونا جیوتی ( این ٹی وی ) کو بھی بلا مقابلہ منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ۔ مسٹر ہاشمی جو کہ ایک سینئیر صحافی کے ساتھ ساتھ سابق میں صدر آندھرا پردیش ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کے عہدے پر بھی فائز رہے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 56 سالہ قدیم جرنلسٹس کوآپریٹیو ہاوزنگ سوسائٹی حیدرآباد کے مسٹر ہاشمی پہلے اردو صحافی سکریٹری عہدے پر فائز ہوئے ہیں ۔۔