بہتر کارکردگی پر حکومت کا اقدام ، جناب سید عمر جلیل اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود کے احکامات
حیدرآباد 6 فبروری (سیاست نیوز) حکومت نے جناب محمد جلال الدین اکبر آئی ایف ایس ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کی حیثیت سے معیاد میں توسیع کردی ہے۔ اس سلسلہ میں آج اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے جی او آر ٹی 16 جاری کیا ۔ حکومت نے جناب جلال الدین اکبر کی معیاد میں چھ ماہ کی توسیع کی ہے ۔ واضح رہے کہ روزنامہ سیاست نے سب سے پہلے حکومت کے اس فیصلہ کے بارے میں مورخہ 6 فبروری کو خبر شائع کی تھی جس میں چیف منسٹر کی جانب سے جناب جلال الدین اکبر کی معیاد میں توسیع کا انکشاف کیا گیا۔ جناب جلال الدین اکبر کو 8 اگست 2014 کو اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کی زائد ذمہ داری دی گئی تھی۔ وقف ایکٹ کے تحت کسی بھی اسپیشل آفیسر کو صرف چھ ماہ کیلئے مقرر کیا جاسکتا ہے۔ جناب جلال الدین اکبر کی معیاد 7 فبروری کو ختم ہورہی تھی۔ گذشتہ 6 ماہ کے دوران وقف بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے جناب جلال الدین اکبر نے کئی اہم قدم اٹھائے جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ۔ حکومت نے ان کی کارکردگی سے متاثر ہوکر معیاد میں توسیع کا فیصلہ کیا ۔ چونکہ وقف بورڈ کی آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں تقسیم کا عمل باقی ہے لہذا وقف بورڈ کی تشکیل کیلئے بھی وقت لگ سکتا ہے۔ ان حالات میں وقف بورڈ کے اسپیشل آفیسر کے عہدہ کو خالی نہیں رکھا جاسکتا۔ حکومت نے موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے معیاد میں چھ ماہ کی توسیع کا فیصلہ کیا۔ 8 فبروری سے وہ چھ ماہ تک یا وقف بورڈ کی تشکیل تک اس عہدہ پر برقرار رہیں گے ۔ چھ ماہ کی مدت کے دوران اگر وقف بورڈ تشکیل پاتا ہے تو اسپیشل آفیسر کی معیاد از خود ختم ہوجائے گی ۔ جی او میں کہا گیا کہ جناب جلال الدین اکبر ڈائرکٹر اقلیتی بہبود اس مدت کے دوران وقف ایکٹ کے مطابق اپنے اختیارات اور ذمہ داریوں کو نبھائیں گے ۔