جناب عزیز حسینی اور محترمہ فوزیہ حسینی کا دورہ کپڑا بینک

ادارہ سیاست، فیض عام ٹرسٹ اور ہلپنگ ہینڈز کی کارکردگی کی بے پناہ ستائش
حیدرآباد ۔ 21 جنوری (پریس نوٹ) کینیڈا کی رضاکارانہ تنظیم فی سبیل اللہ کے سرپرست جناب عزیز حسینی اور سربراہ محترمہ فوزیہ حسینی کی کپڑا بینک کے صدر دفتر پر حاضری نے کپڑا بینک کے کارکنوں میں مسرت اور جوش کی ایک نئی لہر دوڑا دی۔ ماہ اپریل 2016ء میں جناب عزیز حسینی اور محترمہ فوزیہ حسینی نے تقریباً 10 ہزار ملبوسات پر مشتمل ایک کنٹینر کپڑا جناب زاہد علی خان صاحب کو روانہ کیا تھا اور جناب زاہد علی خان نے اس عطیہ کو ایک نئی جہت دیتے ہوئے فیض عام ٹرسٹ اور ہلپنگ ہینڈز کے تعاون سے حیدرآباد میں پہلی مرتبہ کپڑا بینک کی بنیاد رکھی جہاں ہر روز تقریباً 80 تا 100 ڈریس کپڑا بینک سے تقسیم کئے جاتے ہیں۔ اس کی بے پناہ فعالیت اور مقبولیت کے پیش نظر کارکردگی کو مزید توسیع دینے کیلئے ڈسمبر 2016ء میں علاقہ مولاعلی میں اس کی پہلی شاخ کی بنیاد رکھی گئی اور وہاں بھی روزانہ بجز اتوار کے صبح 11 تا 2 بجے دن کپڑے تقسیم کئے جاتے ہیں۔ جناب عزیز حسینی اور محترمہ فوزیہ حسینی کپڑا بینک کی کارکردگی سے نہ صرف بے انتہا متاثر ہوئے بلکہ اس کو مزید توسیع دینے کیلئے ممکنہ حد تک مدد کا وعدہ بھی کیا۔ جناب زاہدعلی خان نے بتایا کہ عنقریب مزید دو عدد کنٹینر کپڑا پہنچنے والا ہے جسے شہر کے مختلف علاقوں میں مستحقین تک پہنچایا جائے گا۔ جناب زاہد علی خاں نے بتایا کہ کپڑا بینک کی مقبولیت کے پیش نظر اسے صرف حیدرآباد تک محدود نہیں کیا جائے گا بلکہ بہت جلد اضلاع میں بھی کپڑا بینک کے کارندوں کے ذریعہ کپڑے تقسیم کئے جائیں گے۔ قارئین کو ہم بتانا چاہیں گے کہ کپڑا بینک کا صدر دفتر عابد علی خاں آئی ہاسپٹل چادرگھاٹ پر روزانہ صبح 10 تا 2 بجے دن کام کرتا ہے۔ کپڑوں کے علاوہ جوتے، سینڈل، لیڈیز بیگس، برقعے، سوئٹرز وغیرہ بھی دیئے جاتے ہیں۔ مخیر افراد سے گذارش ہیکہ اگر اسی طرح کا سامان و عطیہ کرنا چاہتے ہوں تو ایسے ہی کپڑے اور سامان عنایت فرمائیں جو وہ خود اپنے لئے یا اپنے افراد خاندان کیلئے قابل استعمال سمجھتے ہوں۔ ملبوسات لینے والوں سے گذارش کی جاتی ہیکہ وہ اپنے راشن کارڈ (اصل) اور فوٹو کاپی کے ساتھ رجوع ہوں۔ اصل کارڈ دیکھنے کے بعد فوری واپس کردیا جاتا ہے۔ کپڑا بینک کی شاخ نزد کوہ مولاعلی، دفتر ہلپنگ ہینڈز ان ہی اوقات اور ان ہی اصولوں پر کام کرتی ہے۔