حیدرآباد۔16مئی(سیاست نیوز) چیرمن انڈوعرب لیگ جناب سید وقار الدین کو فلسطین کے باوقار سیویلین ایوارڈ ’’ستارئہ یروشلم‘‘ پیش کیاگیا۔ جناب سید وقار الدین کے قیامگاہ پر منعقدہ تقریب میں صدرمملکت فلسطین کے خصوصی مشیر وقاضی اعظم فلسطین ڈاکٹر محمو د صدقی الحباش ‘ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمود علی‘سفیر فلسطین عدنان ابولحائجہ‘ منسٹر فلسطین صالح فہد کے علاوہ مملکت فلسطین کے دیگر رفقاء بھی ا س موقع پر موجود تھے۔ جناب سید وقار الدین ہندوستان کی پہلی شخصیت ہیں جنھیں مملکت فلسطین کی جانب سے اس باوقار ایوارڈ سے نوازا گیا۔مدیر اعلی روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان نے اس موقع پر چیرمن انڈوعرب لیگ جناب سید وقار الدین کو تہنیت اور مبارکباد پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمودعلی نے جناب سیدوقار الدین کو فلسطین کے باوقار ایوارڈ سے نوازے جانے پر انہیں مبارکباد پیش کی او رکہاکہ گذشتہ 30 تا 35 سالوں سے فلسطینی عوام کی آزادی کے لئے جناب سید وقار الدین ہندوستان میں جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ستارئہ فلسطین کے جناب وقار الدین حقدار ہیں۔ انہوں نے انڈوعرب دوستی کے فروغ بالخصوص فلسطینیوں کی آزادی کے متعلق ہندوستانی عوام میں شعور بیداری کے لئے جناب سید وقار الدین کے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔جناب محمد محمود علی نے کہاکہ یقینا فلسطین کے عوام کئی دہوں سے آزادی کی جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ فلسطینی عوام کے ساتھ ہندوستان بالخصوص شہر حیدرآباد کا ہروقت تعاون رہا ۔ جناب محمد محمود علی نے فلسطین کا دورہ کرنے کا بھی اس موقع پر ارادہ ظاہر کیا اور فلسطینی عوام کے جذبہ آزادی سے مکمل ہمدردی اور اظہار یگانگت بھی پیش کیا۔ قاضی اعظم فلسطین ڈاکٹر محمود صدقی الحباشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب سید وقار الدین کو ایوارڈ پیش کش کے لمحہ کو پرمسرت اور مبارک موقع قراردیا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ شب معراج کے مبارک موقع پر جناب سید وقار الدین کو باوقار ستارئہ یروشلم ایوارڈ پیش کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فلسطینی کاز کے لئے جناب سید وقار الدین کے دیرینہ خدمات پر انہیں صدر مملکت فلسطین محمود عباس کی جانب سے یہ ایوارڈ پیش کیاگیا ہے۔انہوں نے حکومت ہند اور یہاں کی عوام کے جذبہ فلسطین کو مثالی قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستانی حکومت نے ہر وقت فلسطینی عوام کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ فلسطین کو یو این کونسل میںمقام دلانے کے لئے بھی حکومت ہند کی بھرپور تائید وحمایت حاصل رہی ہے۔ انہوں نے مستقبل بھی ایسے ہی تعاون وحمایت کی امید کااظہار کیا۔انہوں نے شب معراج کے پرمسرت موقع پر فلسطینی عوام کی آزادی کے لئے خصوصی دعائوںکا اہتمام کرنے کی حیدرآباد ی عوام سے اپیل کی۔گذشتہ برسوں میںفلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ہندوستانی خاص طور پر حیدرآباد ی عوام کے ردعمل کی ستائش کی۔انہوں نے ہند فلسطین تعلقات میں مزیداستحکام کی امید کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے صدر مملکت فلسطین اور فلسطینی عوام کی جانب سے جناب سید وقار الدین کو مبارکباد بھی پیش کی ۔سینئر کمیونسٹ قائد جناب سیدعزیز پاشاہ ‘ چاڈا وینکٹ ریڈی‘ رکن قانون ساز کونسل جناب فاروق حسین‘ مولانا مظہر حسینی‘ ایس اے شکور‘ جناب جلا ل الدین اکبر‘جناب مشتاق ملک‘ مولانا حامد محمد خان‘ کے ایم عارف الدین‘خلیق الرحمن‘خورشید حسین بلغی‘ پیر شبیر نقشبندی کے علاوہ مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں نے بھی اس تقریب میں شرکت کرتے ہوئے جناب سید وقار الدین کو مبارکباد پیش کی۔