فلسطین کے کاز کے لیے انڈو عرب لیگ حیدرآباد کی خدمات کا اعتراف
حیدرآباد۔4جولائی(سیاست نیوز) اقوام متحدہ میں 138رکن ممالک کی تائید سے غیر رکن مملکت فلسطین کو تسلیم کرنے کے موقع پر اقوام متحدہ کی جانب سے پیش کردہ باوقار گولڈ میڈل‘ صدرنشین انڈوعرب لیگ حیدرآبادجناب سید وقار الدین کو پیش کیاگیا ۔ انڈو عرب لیگ حیدرآباد کی گولڈن جوبلی کے موقع پر صدر مملکت فلسطین جناب محمود عباس نے جناب سید وقارالدین کی فلسطین کے کاز کے لئے انڈوعرب لیگ حیدرآبادکے ذریعہ بے لوث خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور اقوام متحدہ کا گولڈ میڈل سفیر فلسطین متعینہ ہند عدنان ابوالائجہ کے ذریعہ روانہ کیا۔ جناب سید وقارالدین کی قیام گاہ پر منعقد ایک تقریب میں فلسطینی سفیر نے صدر فلسطین جناب محمود عباس کی جانب سے ایک اور گولڈ میڈل انڈوعرب لیگ آرگنائزیشن کو بھی پیش کیا۔ انڈو عرب لیگ حیدرآباد کی 50سالہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برصغیر میں فلسطینی کاز کی حمایت میں رائے عامہ ہموار کرنے اسرائیلی جبرو ستم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں جناب سید وقارالدین اور انڈوعرب لیگ کی خدمات کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ یہ مشرق وسطیٰ کی تاریخ میں زریں حروف میں درج کئے جائیںگے۔سفیر فلسطین نے کہا کہ فلسطینی کاز سے جناب سید وقار الدین کی دلچسپی اور جمہوری انداز میں بیت المقدس کی بازیابی کیلئے کی جانے والی جدوجہد اور انڈعرب لیگ کے گولڈن جوبلی کے سال کے موقع پر مملکت فلسطین نے انہیں یہ گولڈ میڈل عطا کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہی ہے سفیر فلسطین نے کہا کہ انڈوعرب لیگ حیدرآباد فلسطینی کاز کی بے غرض تائید وحمایت اور ہند عرب تعلقات کے فروغ دینے اور اپنے اس مشن کو مستقبل میں بلا کسی رکاوٹ کے جاری رہنے کیلئے انڈوعرب کلچرل سنٹر کی تعمیر کے ذریعہ ٹھوس اقدامات کررہا ہے ۔انہوںنے کہاکہ خوشی ومسرت کے ساتھ حیرت بھی اس بات پر ہے کہ جناب سید وقار الدین چیرمین انڈوعرب لیگ کسی بھی ملک سے امداد کے بغیر اس عظیم پراجکٹ کو تکمیل کررہے ہیں جو قابل ستائش وقابل فخر ہے ۔ سفیر فلسطین نے کہا کہ صدر فلسطین مسٹر محمود عباس مسٹر سید وقار الدین کی صحت کے بارے میں دریافت کرتے رہتے ہیں ۔ جناب سید وقار الدین نے اس موقع پر حیدرآباد میں فلسطینی قونصل خانہ کے قیام کیلئے انڈوعرب کلچرل سنٹر میں دفتری عمار ت فراہم کرنے کی پیشکش کی ۔جناب سید وقار الدین نے کہا کہ انڈوعرب لیگ کی گولڈن جوبلی تقاریب میں فلسطین کی آزادی کو خصوصی اہمیت کے ساتھ پیش کریں گے۔ سفیر فلسطین نے کہا کہ قونصل خانہ کے قیام کی اس پیشکش کو صدر فلسطین مسٹر محمود عباس کے علم میں لاتے ہوئے منظوری حاصل کریں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے محل نہ ہوگا کہ اہل حیدرآباد کی صلاحیتوں کو ہمیشہ عالمی سطح پر اہمیت حاصل رہی ہے ۔ حیدرآباد کے قابل فخر سپوت جناب سید وقار الدین چیرمین انڈوعرب لیگ چیف ایڈیٹر روزنامہ رہنمائے دکن کو اقوام متحدہ کی جانب سے مملکت فلسطین کوتسلیم کئے جانے کے موقع پر دئیے گئے اعلیٰ ترین اعزاز گولڈ میڈل کو صدر فلسطین مسٹر محمود عباس نے جناب سید وقار الدین کو پیش کرکے ان کی خدمات کی سراہنا کی ہے ۔گولڈ میڈل پیش کئے جانے کے موقع پر ڈاکٹر میر اکبر علی خان وائس چیرمین انڈوعرب لیگ نے سفیر فلسطین کو انڈوعرب لیگ حیدرآباد کی سرگرمیوں سے واقف کروایا۔، مسٹر عثمان بن محمد الہاجری صدر دکن وقف پروٹیکشن سوسائٹی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔