جناب سید وقار الدین قادری کو ستارہ یروشلم کا کل اعزاز

صدر مملکت فلسطین محمود عباس کا فیصلہ ، قاضی اعظم فلسطین سید محمود صدقی الہباش کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /14 مئی (سیاست نیوز) جناب سید وقارالدین قادری ایڈیٹر ان چیف رہنمائے دکن کو /16 مئی کو ستارہ یروشلم اعزاز سے نوازا جائے گا ۔ قاضی اعظم فلسطین سید محمود صدقی الہباش نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ اعلان کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ جناب سید وقار الدین قادری کی چار دہوں پر مشتمل فلسطینی کاز کیلئے انتھک جدوجہد کو نظر میں رکھتے ہوئے صدر مملکت فلسطین محمود عباس نے اس بات کا فیصلہ کیا کہ انہیں ’’ستارہ یروشلم‘‘ ایوارڈ سے نوازا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ہند فلسطین تعلقات اور ان میں استحکام کیلئے انڈو عرب لیگ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات نے کافی اہم کردار ادا کیا ہے اور فلسطینی عوام حیدرآباد دکن کی جانب سے فلسطینی کاز کی تائید پر ان کے مشکور ہیں ۔ جناب سید وقار الدین قادری ، جناب عدنان گل ہائیجا سفیر فلسطین متعینہ ہند ، جناب صالح فہد وزیرفلسطین ، ڈاکٹر میر اکبر علی خاں کے علاوہ جناب عثمان بن محمد الہاجری و دیگر کی موجودگی میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران سید محمود صدقی الہباش نے بتایا کہ صدر محمود عباس نے جناب سید وقارالدین قادری کو اس باوقار اعزاز کی حوالگی کیلئے 4 رکنی وفد ہندوستان روانہ کیا ہے اور اس وفد میں شامل افراد /16 مئی کو انہیں اس اعزاز سے نوازیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ فلسطین کی جدوجہد کی تاریخ میں ہندوستان کا وسیع باب ہے اور حکومت کے ساتھ ساتھ عوامی تحریکات کے ذریعہ بھی فلسطینی کاز کی حمایت جاری رہی ۔ قاضی اعظم فلسطین و مذہبی مشیر برائے مملکت فلسطین نے بتایا کہ فلسطینی عوام یہودی یا یہودیت کے خلاف جدوجہد نہیں کررہے ہیں بلکہ ان کی جدوجہد خودمختاری کی ہے اور اس آزادی کی جدوجہد میں انہیں انسانیت دوست ممالک کے علاوہ عوام کی زبردست حمایت حاصل ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ فلسطینی عوام درحقیقت انسانیت کی بقاء اور حقوق انسانی کو پامال ہونے سے بچانے کیلئے سرگرم ہیں ۔ قاضی سید محمود صدقی الہباش نے بتایا کہ فلسطین میں حالات انتہائی ابتر ہے ۔ فلسطینی عوام اپنے شہروں و قریوں میں آزادانہ گھومنے سے قاصر ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ فلسطین میں جاری جدوجہد کسی مذہب کے خلاف نہیں ہے بلکہ یہ جدوجہد انسانی حقوق کے تحفظ کے علاوہ انسانیت کی بقاء کیلئے کی جانے والی جدوجہد ہے ۔ اس موقعہ پر عدنان ابولہاجہ سفیر فلسطین متعینہ ہند نے بتایا کہ /16 مئی کو جناب سید وقارالدین قادری کی قیامگاہ پر ہی ایک پرشکوہ تقریب میں معززین شہر کی موجودگی میں صدر فلسطین کی جانب سے دیا گیا اعزاز انہیں پیش کیا جائے گا ۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت سے قبل فلسطینی وفد نے نواب میرعثمان علی خان بہادر کی مزار واقع مسجد جودی پہونچ کر فاتحہ خوانی کی اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سلطنت آصفیہ کے آخری حکمراں کی جانب سے فلسطینی کاز کی حمایت اور ایک لاکھ روپئے کے عطیہ کا تذکرہ کیا ۔ اس موقعہ پر موجود معززین شہر میں جناب سید وقار الدین قادری کو ’’ستارہ یروشلم‘‘ ایوارڈ کیلئے نامزد کئے جانے پر مبارکباد پیش کی ۔