جناب سید عمر جلیل کا ایک ماہ کی ٹریننگ کے لیے انتخاب

سکریٹری اقلیتی بہبود علیل ، گھر سے ہی فائیلوں کی یکسوئی کی مساعی
حیدرآباد۔/27 اپریل، ( سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل ان دنوں علالت کے باعث گھر پر آرام کررہے ہیں اور محکمہ اقلیتی بہبود کے اہم معاملات کی یکسوئی قیامگاہ سے ہی انجام دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اچانک ناسازی مزاج کے باعث گزشتہ تین دن سے وہ دفتر سے غیر حاضر ہیں اور اہم فائیلوں کی یکسوئی متاثر ہوئی ہے۔ عمر جلیل سکریٹری اقلیتی بہبود کے علاوہ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کے عہدہ پر فائز ہیں اور مختلف اداروں کے ذمہ دار فائیلوں کی یکسوئی کے سلسلہ میں ان کی آمد کے منتظر ہیں۔ عثمانیہ یونیورسٹی صدی تقاریب کے سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود نے بھی بعض تہذیبی پروگراموں اور سمینار کے انعقاد کیلئے چیف منسٹر کے دفتر کو تجویز روانہ کی ہے۔ اگر ان تجاویز کو منظوری حاصل ہوتی ہے تو اندرون دو ہفتے مختلف کلچرل پروگرام بشمول تمثیلی مشاعرہ اور شام غزل کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ مشاہرین عثمانیہ یونیورسٹی کے عنوان پر سمینار کے انعقاد کی تجویز ہے۔ اسی دوران اطلاعات کے مطابق آئی اے ایس عہدیداروں کیلئے ایک ماہ کی ٹریننگ کے سلسلہ میں سید عمر جلیل کا انتخاب عمل میں آیا ہے اور وہ جون کے آغاز پر ایک ماہ کی ٹریننگ کیلئے روانہ ہوں گے۔ ان کے غیاب میں توقع کی جارہی ہے کہ سکریٹری ایس سی ویلفیر کو محکمہ اقلیتی بہبود کی زائد ذمہ داری دی جائے گی۔