جناب سید شفیع اللہ قادری صدر تلنگانہ ویلفیر پارٹی آف انڈیا منتخب

حیدرآباد ۔ 23 فبروری (پریس نوٹ) ویلفیر پارٹی آف انڈیا کا ایک اجلاس جناب سید قاسم رسول الیاس کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں بااتفاق آراء جناب سید شفیع اللہ قادری کو صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا تلنگانہ یونٹ منتخب کیا گیا۔ یہ اجلاس دفتر پارٹی میں منعقد ہوا تھا جوکہ محض صدر کے انتخاب کیلئے رکھا گیا تھا۔ نومنتخب صدر تلنگانہ جناب سیف شفیع اللہ قادری قبل ازیں تلنگانہ میں ویلفیر پارٹی کے اسٹیٹ سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ نومنتخب صدر پیشہ کے لحاظ سے ایک تاجر اور وکیل ہیں جن کی فی الحال عمر 32 سال ہے جوکہ پارٹی ہذا کے کسی بھی ریاست کے کم عمرصدر بن گئے ہیں۔ انہوں نے دوران وکالت آندھراپردیش ہائیکورٹ میں عوام سے متعلق کئی مقدمات کے ذریعہ شعور بیدار کیا۔ شفیع اللہ قادری نے گریجویشن کی تعلیم انوارالعلوم کالج سے حاصل کی جبکہ ایل ایل بی اور ایل ایل ایم کی تعلیم سلطان العلوم کالج آف لاء سے مکمل کی۔ وہ ایک طویل عرصہ سے عوامی خدمات میں مصروف ہیں۔ انہوں نے عوامی مفاد عامہ اور سماجی بھلائی کیلئے آگے آگے رہتے ہوئے خدمات انجام دیں۔ علحدہ ریاست تلنگانہ تحریک کے علاوہ قیدیوں کو قانونی راحت رسانی، شہریوں کے حقوق، طلبہ کے مسائل، سلم علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی، عوامی صحت و طبابت، سرکاری اسکیمات پر عمل آوری اور سماج میں سماجی انصاف رسانی کیلئے کئی جدوجہدوں میں شامل رہے۔ انہوں نے سال 2014ء عام انتخابات کے دوران حلقہ اسمبلی راجندر نگر سے ویلفیر پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ بھی کیا۔ انہوں نے اپنے نئے عہدہ کی ذمہ داریوں پر بتایا کہ اس کو بحسن و خوبی انجام دیں گے۔