جناب زاہد علی خاں کے ہاتھوں رسالہ عالمی انوار تخلیق کا رسم اجراء

مدیر رسالہ ڈاکٹر ایم اے حق کو مبارکباد کی پیشکشی ، مختلف شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست : ( دکن نیوز ) : عالمی انوار تخلیق ( جھارکھنڈ ) کے پہلے شمارہ کی رسم اجرائی جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے ہاتھوں عمل میں آئی ۔ واضح رہے کہ عالمی انوار تخلیق چیف ایڈیٹر ڈاکٹر ایم اے حق سابق ڈپٹی کمشنر لیبر ( جھارکھنڈ ) موظف کی ادارت میں جھارکھنڈ سے موسمیاتی شمارہ کی حیثیت اختیار کیے ہوئے ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال تین موسم آیا کرتے ہیں ۔ اس اعتبار سے ہم نے اس شمارہ کو موسموں کے نام معنون کیا ہے ۔ موسموں کو مد نظر رکھتے ہوئے اس شمارہ کے ذریعہ ملک کے تمام تہذیبوں و روایات کا احاطہ کیا جائے گا اور اس میں مرکزی و ریاستی حکومت کے اقلیتوں فلاح و بہبود کی کارکردگی کو واضح کیا جائے گا۔ جناب زاہد علی خاں نے ڈاکٹر ایم اے حق کی ادارت میں نکلنے والے اس شمارہ پر پسندیدگی کا اظہار کیا اور کہا کہ اردو زبان ملک ہی نہیں بلکہ اقطاع عالم میں اپنی ایک پہچان بنا چکی ہے ۔ ڈاکٹر مختار احمد فردین صدر آل انڈیا اردو ماس کمیونیکیشن نے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست ، ایم اے حق کا تعارف بحیثیت اردو خدمت گذار کے پیش کیا اور کہا کہ آپ اپنی قلمی صلاحیتوں کے ذریعہ قانونی مسائل کو اس مجلہ کے ذریعہ پیش کررہے ہیں ۔ ڈاکٹر رؤف خیر نے ڈاکٹر ایم اے حق کو مبارکباد دی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر یوسف اعظمی ، صاحبزادہ مجتبیٰ فہیم ، اطیب اعجاز ، احمد صدیقی مکیش ، صحافی محمد نصر اللہ خاں و دیگر موجود تھے ۔ اس رسالہ کے ادارتی بورڈ میں ملک و بیرون ملک کے معتبر ادبی شخصیات سلام بن رزاق ( ممبئی ) ، مشرف عالم ذوقی ( دہلی ) ، ڈاکٹر بلند اقبال ( کینڈا ) ، سرور غزالی ( جرمنی ) ، عزیز بلگامی ( بلگام ) ، ڈاکٹر رؤف خیر ( حیدرآباد ) شامل ہیں ۔ شہر کے اہم بک اسٹال میں یہ پرچہ دستیاب رہے گا ۔۔