جناب زاہد علی خاں کے نام چیرلہ پلی جیل کے قیدیوں کا خط

حیدرآباد /3 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست کی تشکیل اور نئی حکومت کے قیام کے پیش نظر چیرلہ پلی جیل میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے سیاسی اور عام قیدیوں میں پھر ایک بار امید کی کرن جاگ اُٹھی ہے کہ انھیں عام معافی دیتے ہوئے رہا کردیا جائے گا۔ انھوں نے اس خصوص میں اخبارات کے ایڈیٹرس سے حکومت تک ان کی آواز پہنچانے کی گزارش کی ہے اور چیرلہ پلی جیل سے مدیروں کے نام تلگو زبان میں روانہ کردہ خط میں اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنے خط میں اس بات کا اظہار کیا کہ ہم لوگ کئی برسوں سے جیلوں میں قید ہیں، جانے اَنجانے اور جان بوجھ کر ہم سے گناہ سرزد ہوئے، تاہم ہم لوگ اپنے کئے کی سزا کاٹ چکے ہیں اور اب سرکاری رحم و کرم کے منتظر ہیں۔ ہم سب آپ حضرات کے شکر گزار ہیں کہ ہماری جو بھی گزارش اور اپیل آپ لوگوں تک پہنچی، اسے شائع کیا اور ہمارے مسائل سے حکومت اور عوام کو واقف کروایا۔ اسی پس منظر میں آپ حضرات سے درخواست ہے کہ ہمارے مسائل کو نئی ریاستی حکومت سے رجوع کریں اور ہماری رہائی کے لئے کوشش کریں۔ محترم ایڈیٹر صاحب! ہماری خواہش اور درخواست ہے کہ آپ اپنے ہردلعزیز چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ہماری اس درخواست کو رجوع کریں، کیونکہ جیلوں میں رہنے کے سبب ہمارے افراد خاندان سخت مصائب کا شکار ہیں، جب کہ ہماری امیدیں آپ سے وابستہ ہیں۔
فقط
سنٹرل جیل کے سزائے عمر قید یافتہ قیدی
چیرلہ پلی۔ضلع رنگا ریڈی