حیدرآباد ۔ 11 نومبر ( سیاست نیوز ) اسلامک ایجوکیشنل ویلفیر سوسائٹی وشرعی کونسل ونستھلی پورم کے وفد نے مدیر اعلی روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان کی ملی وسماجی خدمات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے جناب زاہدعلی خان کو تہنیت پیش کی۔ وفد میںشامل صدر سوسائٹی جناب ایم اے رحیم‘ نائب صدر ایم اے رئوف‘ سکریٹری شیخ آدم‘ خازن ایس ایم حنیف‘ اور صدر مسجد قادریہ ایس ایس وی کالونی ونستھلی پورم جناب محمد محی الدین نے دوران ملاقات جناب زاہدعلی خان کے خدمات کو خوب سراہا اور کہاکہ نہ صرف ریاست بلکہ قومی سطح پر جناب زاہد علی خان کے ملی اور سماجی خدمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ صدر سوسائٹی جناب ایم اے رحیم نے کہاکہ جناب زاہد علی خان ہماری سوسائٹی کا اہم ستون ہیں اور سوسائٹی کو ہر وقت جناب زاہد علی خان کا تعاون بھی حاصل رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جناب زاہد علی خان صاحب کی نگرانی میں سوسائٹی کی جانب سے اجتماعی شادیوں کے علاوہ تعلیمی امداد کی تقسیم کا بھی سلسلہ جاری ہے اور آگے بھی سوسائٹی اپنے ملی اور سماجی کاموں کو جاری رکھے گی ۔ انہوںنے کہاکہ ملی اور سماجی خدمت کی جہد ہم نے جناب زاہد علی خان سے لی ہے جن سے اللہ تعالی قوم اور ملت کی خدمت بھی لے رہا ہے ۔ وفد نے جناب زاہد علی خان کی درازی عمرکے لئے بھی اس موقع پردعائیں کی۔ بعد ازاں اسلامک ایجوکیشنل ویلفیر سوسائٹی وشرعی کونسل کی جانب سے سیاست کشمیر ریلیف فنڈ میںپچیس ہزار روپئے کا عطیہ چیک جناب زاہد علی خان کے حوالے کیا۔