جناب زاہد علی خاں کی سماجی، فلاحی، تعلیمی اور دینی خدمات کو خراج تحسین

مسجد اکبری این آر آر پورم کی بالائی منزل کا افتتاح، جناب محمد محمود علی اور جناب زاہد علی خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 جون (سیاست نیوز) مسجد اکبری، این آر آر پورم سائیٹ ون کالونی کی بالائی عمارت کے تعمیری کام جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر ’سیاست‘ نے اپنی ذمہ داری سے پایہ تکمیل کو پہنچایا۔ ماہ رمضان المبارک سے قبل انتظامی کمیٹی مسجد اکبری کی خواہش پر ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی اور جناب زاہد علی خاں نے بالائی منزل کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے بعد نماز مغرب مصلیان مسجد اور اہلیان محلہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کئی ایسے سلم علاقے ہیں جہاں پر مسلم آبادی قابل لحاظ ہے، ایسے مقامات پر دینی تعلیم اور اردو زبان کو فروغ دینا ضروری ہے ۔ ریاست تلنگانہ کے پہلے ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے کہا کہ سارے تلنگانہ کی مساجد اور قبرستانوں کی تعمیر و مرمت کیلئے حکومت پابندعہد ہے اور اس پر عمل کیا جائے گا۔ تلنگانہ میں وقف جائیدادوں کے تحفظ اور اس کا از سرِ نو ریکارڈ جمع کرنے کیلئے جناب زاہد علی خاں کی ہدایت پر عمل کرنے کا انہوں نے تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ عید گاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی 90ایکڑ اراضی، مسجد محمدیہ فرحت نگر کی اراضی کے تحفظ کے نتیجہ میں مسجد اکبری کی بالائی منزل آج پایہ تکمیل کو پہونچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناب زاہد علی خاں شہر حیدرآباد ہی نہیں بلکہ ریاست و بیرون ریاست میں بھی اپنے سماجی، دینی، ملی، تعلیمی اور فلاحی کاموں کے ذریعہ ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔جناب محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کیلئے جدوجہد کرنے والوں میں جناب زاہد علی خاںایڈیٹر سیاست، جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست نے بھرپور تعاون کیا ہے۔انہوں نے شہریان حیدرآباد کو ماہ رمضان کے موقع پر برقی اور پانی کی موثر سربراہی، سڑکوں کی مرمت اور کچرے کی نکاسی کیلئے خصوصی انتظام کرنے کا تیقن دیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ نے جناب زاہد علی خاں کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ایڈیٹر ’سیاست‘ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ مسجد کا افتتاح قرأت کلام پاک سے ہوا۔ اس موقع پر نعت شریف بھی پیش کی گئی۔ قبل ازیں جناب زاہد علی خاں جیسے مسجد اکبری پہنچے مصلیان مسجد اور اہلیان محلہ نے ان کا والہانہ خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر مسرس محمد سلیم، جہانگیر خاں اور دیگر موجود تھے۔