جناب ای احمد کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین

کنور (کیرالا) 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر اور انڈین یونین مسلم لیگ کے صدر جناب ای احمد کی آخری رسومات آج سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئیں جن کا دہلی میں کل انتقال ہوگیا تھا۔ قومی پرچم میں لپٹے ہوئے ان کے جسد خاکی کو جامع مسجد لایا گیا اور نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد متصل قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ اس موقع پر ہزارہا سوگواروں نے آخری دیدار کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ کیرالا کے وزیر بندرگاہیں کے رامچندرن، صدر پردیش کانگریس وی ایم سدھیرن، کنور کے رکن پارلیمنٹ پی کے سری متی کے علاوہ مسلم لیگ قائدین موجود تھے۔ جبکہ چیف منسٹر کیرالا پینارائی وجین نے کل رات ہی کوڑی کوڈ میں خراج عقیدت پیش کیا تھا۔