نئی دہلی ۔ 24 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : جنوبی دہلی کے سروجنی نگر میں ایک جم ٹرینر کی جانب سے مبینہ طور پر ایک 30 سالہ خاتون کونشیلی ادویات دے کر عصمت ریزی کرنے کا مرتکب پایا گیا ۔ پولیس نے بتایا ٹرینر ترون کو کل شام اس کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا کیوں کہ متاثرہ خاتون نے سروجنی نگر پولیس اسٹیشن میں ٹرینر کے خلاف شکایت درج کروائی تھی ۔ متاثرہ خاتون ایک تاجر ہے اور اس نے بتایا کہ این ڈی ایم سی علاقہ میں واقع جم میں اس نے حال ہی میں داخلہ لیا تھا اور ترون نامی ٹرینر اسے مختلف ورزشوں کی مشق کروایا کرتا تھا ۔ اس نے الزام عائد کیا کہ کچھ روز قبل ترون نے اسے ٹھنڈا مشروب پیش کیا جس میں نشیلی دوا کی آمیزش کی گئی تھی ۔ مشروب پینے کے بعد وہ بے ہوش ہوگئی اور ترون نے مبینہ طور پر اس کی عصمت ریزی کی ۔ بعد ازاں اس نے دھمکی دی کہ اس واقعہ کا اگر تذکرہ کیا گیا تو نتائج سنگین ہوں گے ۔ پہلے پہل تو متاثرہ خاتون خوفزدہ رہی لیکن بعد ازاں اس نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کروائی ۔۔