جمہوری ہندوستان میں قانونی تعلیم کی ضرورت

یوم جمہوریہ ہند کے موقع پر گیانم اکیڈیمی کا خصوصی سمینار
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ) : گیانم اکیڈیمی حیدرآباد کے زیر اہتمام یوم جمہوریہ ہند کے موقع پر اردو مسکن خلوت میں منعقدہ خصوصی سمینار بہ عنوان جمہوری ہندوستان میں قانونی تعلیم کی ضرورت کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس سمینار سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر اللہ وزیٹنگ پروفیسر نلسار یونیورسٹی نے کہا کہ قانون داں کسی بھی معاشرے کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ قوانین و ضوابط کے مطابق ہی مسائل کا بہتر و مناسب حل نکالنا ہی وقت کی اہم ضرورت ہوتی ہے ۔ معاشرے کی بھلائی اور ترقی کے لیے ہی قانونی تعلیم پر زور دیا جاتا ہے ۔ ان تین سوالوں کے جوابات ہمیں خود ہی دینا ہوتا ہے کہ ہم کیوں پڑھ رہے ہیں ۔ ہمیں کیا کرنا چاہئے اور ہم کیا بننا چاہتے ہیں جب کہ ایک اور سوال ہے کہ اس کے جواب کی طرف رہنمائی کی جاسکتی ہے کہ ہمیں کیسے آگے بڑھنا ہے اور اس کا جواب یہ ہے کہ خوب محنت کر کے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے ۔ اکیڈیمی کی طرف سے ڈاکٹر سید علی لقمان حسینی نے کہا کہ لاء اور سیول سرویس کے لیے تاریخ کے مضامین کا انتخاب بہت ہی کارآمد رہتا ہے اور اس کے ساتھ ہم کو اسلامی تاریخ کا مکمل مطالعہ کرنا چاہئے ۔ ہمیں یہ پتہ ہونا چاہئے کہ ہماری زندگی کا کیا مقصد ہے اس کے لیے ہم کو قرآن ، حدیث اور احکام شرعیہ کا جاننا بے حد ضروری ہے ۔ گیانم اکیڈیمی کی جانب سے عتیق قادری نے ڈاکٹر عامر اللہ کو مومنٹو پیش کیا اور اکیڈیمی کے طلبہ وطالبات میں مختلف میدانوں میں بہترین مظاہرہ پر انعامات دئیے گئے ۔ اس سمینار میں سوالات و جوابات کا سیشن بھی منعقد ہوا ۔ اس موقع پر سامعین کی کثیر تعداد موجود رہی ۔۔