شیطان کے منہ سے مقدس کلمات کے مترادف : ریونت ریڈی
حیدرآباد۔ 4مئی ( این ایس ایس) تلنگانہ کے تلگودیشم پارٹی لیڈر ریونت ریڈی نے اعلیٰ اقدار سے متعلق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ان تبصروں کو مضحکمہ خیز قرار دیا کہ وہ ( کے سی آر) اسمبلی میں جمہوری اقدار کے تحفظ کی جدوجہد کررہے ہیں ۔ ریونت ریڈی نے این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر جو اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کو غیر جمہوری طور پر معطل کرچکے ہیں اب جمہوری اقدار کے تحفظ کا درس و نصیحت کررہے ہیں جس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کوئی شیطان مقدس کلمات کا حوالہ دے رہا ہے ۔ کے سی آر کے تبصروں پر سوال اٹھاتے ہوئے تلگودیشم لیڈر ریونت ریڈی نے دریافت کیا کہ چیف منسٹر کس طرح اعلیٰ اقدار کے باتیں کرسکتے ہیں جبکہ وہ خود ایک کابینہ میں دوسری جماعتوں کے ارکان کو جگہ دیتے ہیں ۔ جن میں وہ بھی شامل ہیں جو تلگودیشم پارٹی کے ٹکٹ پر اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے تھے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ فاسٹ سے لیکر پارلیمانی سکریٹریز کے تقررات تک کئی غیر قانونی فیصلے کئے جانے پر حتی کہ ہائیکورٹ نے بھی ٹی آر ایس کی سرزنش کی ہے ۔