ووٹرلسٹ میں نام کے اندراج کا مشورہ، شاداں کالج کے طلبہ سے کمشنر بلدیہ اور چیف الکٹورل آفیسر کا خطاب
حیدرآباد۔ 23؍جنوری۔ (پریس نوٹ) چیف الکٹورل آفیسر مسٹر بنور لعل نے طلبہ برادری سے اپیل کی ہے کہ ہندوستان کے جمہوری اصولوں کو مستحکم بنانے کے لئے نہ صرف اپنے نام ووٹر لسٹ میں درج کروائیں بلکہ اپنے ساتھیوں اور ناخواندہ افراد کا اس سلسلہ میں رہنمائی کریں۔ وہ آج صبح شاداں کالج خیریت آباد میں طلبہ برادری کے ایک بڑے اجتماع سے مخاطب تھے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی، مسز ہری چندنا زونل کمشنر سنٹرل زون کے علاوہ چیرمین شاداں ایجوکیشن سوسائٹی جناب محمد شاہ عالم رسول خاں اس موقع پر موجود تھے۔مسٹر بنور لعل نے کہا کہ ہر وہ نوجوان جس کی عمر یکم فروری 2017ء کو 18سال ہوجائے وہ ووٹ ڈالنے کا اہل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ این آر آئیز ہیں لیکن آپ کی شہریت ہندوستانی ہی ہے تب بھی آپ اپنے حق جمہوریت کا استعمال کرسکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا ہی الیکشن منعقد کرواتے ہیں اور ہندوستانی آئین کے مطابق کوئی بھی غیر تعلیم یافتہ ہندوستانی شہری بھی اپنے جمہوری حق کا استعمال کرتے ہوئے اپنے پسند کے امیدوار کا انتخاب کرسکتے ہیں اور خود بھی الیکشن میں امیدوار کی حیثیت سے حصہ لے سکتے ہیں۔ ہندوستانی آئین کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر آئین ترتیب کئے 1950ء میں خواندگی کی نسبت صرف 16فیصد ہی تھی۔ جناب بنور لعل نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا بیالٹ ووٹنگ پیپر کے اوپر سارے امیدواروں کے نام درج ہوتے ہیں اور پھر نیچے ایک NOTA (نوٹا) کا کالم بھی ہوتا ہے جس کا استعمال آپ کرسکتے ہیں اگر آپ فہرست میں امیدواروں میں سے کسی کو بھی پسند نہ کرتے ہوں۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ 2019ء میں الیکشن منعقد ہوں گے۔ آپ لوگ اپنی رائے دہی کا استعمال کریں اور اپنی پسند کی حکومت قائم کریں۔ ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے آن لائن رجسٹریشن کے طریقہ کار سے واقف کروایا اور ووٹر لسٹ میں ناموں کا اندراج سے متعلق مہم پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سوچھ سروکشن کی تفصیلات بھی بیان کیں اور طلبہ برادری سے اپیل کی کہ 2تا 4فروری فون نمبر 1969 ڈائیل کرکے مزید معلومات حاصل کریں۔جناب محمد شاہ عالم رسول خان نے کہا کہ ہندوستان جیسی عظیم جمہوریت کے شہری کی حیثیت سے یہ طلبہ برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ جمہوری ڈھانچوں کو مزید تقویت پہنچائیں۔ ووٹ، جمہوریت کی بنیاد ایک ایسی طاقت ہے‘ جس سے اپنے ملک کی تقدیر اس کے مستقبل کا فیصلہ خود عوام کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ساری دنیا ہندوستان کو ایک ابھرتی طاقت کے طور پر دیکھ رہی ہے کیوں کہ یہ واحد ملک ہے جس کی 60% سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ نوجوان ہی ملک کا اثاثہ اور قوم کا مستقبل ہیں۔انہوں نے تیقن دیا کہ جمہوریت کے استحکام اور ووٹرس لسٹ میں نام کے اندراج کی مہم میں شاداں گروپ کے تمام ادارے جوش و خروش سے حصہ لیںگے۔ اس موقع پر جناب شاہ عالم رسول خان چیرمین شاداں ایجوکیشن سوسائٹی، مس ہری چندنا ژونل کمشنر سنٹرل زون، مسٹر جی ستیہ نارائنا ڈپٹی کمشنر جی ایچ ایم سی، پروفیسر احمد اللہ خان، پرنسپل الیاس الرحمن ، جناب احمد محی الدین گھٹالا سابق چیف انجینئر، جناب محمد شمیم الدین سابق ایڈیشنل ڈی سی پی موجود تھے۔