جمہوریت کے جشن میں حصہ لینے ہزاروں آندھرائیوں کی حیدرآباد سے آبائی ریاست روانگی بس اور ریلوے اسٹیشنوں پر ہجوم، ٹکٹس کی قیمتوں میں اضافہ

حیدرآباد 10اپریل (یواین آئی ) جمہوریت کے جشن میں حصہ لینے حیدرآباد میں مقیم ہزاروں آندھرائیوں کی اپنی آبائی ریاست آندھراپردیش روانگی عمل میں آرہی ہے ۔دونوں تلگوریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں پہلے مرحلہ میں 11اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے جس میں حصہ لینے کے لئے پڑوسی ریاست کے حیدرآباد میں مقیم افراد کی روانگی شروع ہوچکی ہے جس کے پیش نظر لنگم پلی ، سکندرآباد ، حیدرآباد ، کاچی گوڑہ اسٹیشنوں پر عوام کا ہجوم دیکھاجارہا ہے ۔ہر سال سنکرانتی تہوار منانے کے لئے حیدرآباد میں مقیم آندھرائی افراد کی بڑی تعداد اپنی آبائی ریاست جاتی ہے جس کے لئے آندھراتک خصوصی بسوں ، خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیاجاتا ہے اوریہاں تک کہ پرائیویٹ بسوں میں بھی عوام کا ہجوم دیکھاجاتا ہے ، اس مرتبہ انتخابات کے پیش نظر سنکرانتی کی طرح صورتحال ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹیشنوں میں دیکھی جارہی ہے ۔ وشاکھا ایکسپریس ، گوداوری ایکسپریس میں مسافرین کی بڑی تعداد کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے ۔ٹرینوں میں جنرل بوگی سمیت سلیپر کلاس بوگی میں بھی مسافرین کا اژدھام دیکھاجارہا ہے ۔اس کافائدہ بعض پرائیویٹ ٹراویلس نے بھی اٹھایا ہے جنہوں نے قبل ازیں کئے گئے ریزرویشن کو منسوخ کرتے ہوئے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیاہے ۔عام دنوں میں حیدرآباد سے وجئے واڑہ روانگی کے لئے 500روپئے تا 600روپئے ٹکٹ ہواکرتا ہے تاہم موجودہ طور پریہی ٹکٹ اب 2000روپئے تا 3000روپئے میں فروخت کیاجارہا ہے ۔ایسی ہی صورتحال ایلورو،راجہ مہیندراورم، تروپتی ، کرنول ، اننت پور علاقوں کے لئے جانے والی بسوں کے ٹکٹوں میں دیکھی جارہی ہے ۔