جمہوریت کے استحکام کیلئے کانگریس کو ووٹ دینے وشویشور ریڈی کی اپیل

کے ٹی آر کی ریالی میں دو نوجوانوں کا اقدام خودسوزی، چیوڑلہ سے کئے گئے وعدوں کی عدم تکمیل
حیدرآباد ۔ 2۔ اپریل (سیاست نیوز) چیوڑلہ کے کانگریس امیدوار کونڈا وشویشور ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ ملک میں جمہوریت کو مستحکم کرنے والی کانگریس پارٹی کو ووٹ دیں ۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وشویشور ریڈی نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران انہیں عوام کی جانب سے غیر معمولی تائید حاصل ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں مودی حکومت نے دستور اور جمہوریت کیلئے خطرہ پیدا کردیا ہے ۔ ان دونوں کے تحفظ کیلئے کانگریس کا برسر اقتدار آنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی دوبارہ برسر اقتدار آتی ہے تو ملک میں قانون اور دستور کی حکمرانی ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس نے چیوڑلہ کے عوام سے جو وعدے کئے تھے ، ان کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ گھر گھر پینے کے پانی کی سربراہی کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی عوام پینے کے پانی کو ترس رہے ہیں ۔ وشویشور ریڈی نے کہا کہ لال بہادر اسٹیڈیم میں کے سی آر کا جلسہ عام فلاپ شو ثابت ہوا جوکہ ٹی آر ایس سے عوامی ناراضگی کا ثبوت ہے۔ شکست کے خوف سے ٹی آر ایس پارٹی پولیس کے ذریعہ کانگریس کی انتخابی مہم میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ جلسوں کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔ کانگریس کے کارکنوں کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ملازمین سیول میں کانگریس کارکنوں کا تعاقب کر رہے ہیں۔ پولیس ٹی آر ایس کے کارکنوں کی طرح کام کر رہی ہے۔ انہوں نے پولیس کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کے لئے کام کرے نہ کہ برسر اقتدار پارٹی کیلئے ۔ وشویشور ریڈی نے کہا کہ پالمور رنگا ریڈی لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے ذریعہ علاقہ کے پینے کے پانی کے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔ چیوڑلہ اور اطرف کے علاقوں میں پینے کا پانی اور آبپاشی کیلئے پانی دستیاب نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں حلقہ کی ترقی اور عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے انہوں نے نمایاں خدمات انجام دیں۔ وشویشور ریڈی نے بتایا کہ کل کے ٹی آر کے روڈ شو کے موقع پر دو نوجوانوں نے اقدام خودکشی کیا۔ ان میں ایک نوجوان تعلیم یافتہ بیروزگار ہے، اس نے حکومت کی جانب سے روزگار کی فراہمی میں ناکامی پر یہ انتہائی اقدام کیا۔ جبکہ دوسرا نوجوان کسان ہے جو حکومت کی پالیسیوں کے سبب مسائل کا شکار ہے۔ وشویشور ریڈی نے کہا کہ کسان امدادی قیمت سے محرومی کے سبب مسائل کا شکار ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں نظام آباد میں ہلدی اور لال جوار کسانوں کے احتجاج کی مثال پیش کی۔