جمہوریت کو مستحکم کرنے سری لنکا کی بہترین پیشرفت

کولمبو 2 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے سری لنکا کی نئی حکومت کی جانب سے جمہوریت ‘ انسانی حقوق کو مستحکم کرنے اور ملک کی اقلیت ٹاملوں کے ساتھ مصالحت کیلئے کھلے انداز میں پیشرفت کی ستائش کی ہے ۔ کیری نے سری لنکا کے وزیر خارجہ منگلا سمرا ویرا کے ساتھ بات چیت کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ جان کیری سری لنکا کے دوروزہ دورہ پر آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بات انہیں سب سے زیادہ اچھی دکھی ہے وہ یہ ہے کہ نئی حکومت نے بات چیت اور مختلف خیالات کی سماعت کیلئے اپنے دروازے وا رکھے ہیں ۔ وہ اپنا ذہن بھی کھلا رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا نے اس معاملہ میں مختصر وقت میں بہت اچھی پیشرفت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت امن کا ماحول پیدا کرنے اور اسے برقرار رکھنے کیلئے کام کر رہی ہے ۔ حکومت چاہتی ہے کہ ملک کے تمام شہریوں کو خوشحالی فراہم کی جائے ۔ انہوں نے ٹامل اقلیت کے ساتھ مصالحت کیلئے حکومت کی کوششوں کی ستائش کی ۔ یہاں تین دہوں سے خانہ جنگی کی کیفیت رہی تھی جس میں تقریبا ایک لاکھ افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ کیری نے کہا کہ سری لنکا کے صدر مائتری پالا سری سینا اور وزیر اعظم رانیل وکرما سنگھے مشکل مسائل کو حل کرنے سے گریز نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں قائدین مشکل فیصلے کرنا چاہتے ہیں اور وہ اپنے وعدوں کی تکمیل کرنا چاہتے ہیں۔