رائے پور 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے خلاف اپنی تنقیدوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے آج کہاکہ جمہوریت محض فرد واحد کے ہاتھ میں محفوظ نہیں رہ سکتی۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ اقتدار پر فائز ہونے کیلئے جھوٹ پھیلانے کے معاملہ میں بی جے پی تمام حدود سے تجاوز کررہی ہے۔ چھتیس گڑھ کے حلقہ لوک سبھا سرگوجا میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہاکہ ’’وزیراعظم کی کرسی پر قبضہ کیلئے بی جے پی کوئی کسر باقی نہیں چھوڑ رہی ہے۔
ہر حد سے تجاوز کررہی ہے جو جمہوریت کے لئے خطرناک ہے‘‘۔ سونیا گاندھی نے کہاکہ ’’سیاست کا مطلب و مقصد ترقی ہے لیکن چند افراد اس کو محض حصول اقتدار کا ایک ذریعہ سمجھتے ہیں۔ اقتدار کی ہوس ایسے افراد کو کسی بھی حد اور سطح پر پہونچا سکتی ہے۔ سونیا گاندھی نے بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوارمودی کا نام لئے بغیر کہاکہ ’’میں صرف یہ جانتی ہوں کہ کسی بھی ملک کی جمہوریت محض کسی فرد واحد کے ہاتھوں میں محفوظ نہیں رسکتی۔ چنانچہ آپ (عوام) کو احتیاط کے ساتھ فیصلہ کرنا ہوگا۔