مبشر الدین خرم پر حملے کی مذمت ، حامد محمد خاں کا بیان
حیدرآباد ۔ 2 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : جناب حامد محمد خاں امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ آندھرا و اڑیسہ نے کہا کہ جمہوریت میں تشدد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ انہوں نے آج شہر میں صحافی اور سیاسی قائدین پر پیش آئے حملوں کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ۔ اور کہا کہ ایسے واقعات صحت مند جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہیں ۔ جناب حامد محمد خاں نے کہا کہ جمہوریت میں مقابلہ بیالٹ سے کیا جاتا ہے ۔ بولیٹ سے نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات سے یہ اندیشہ ہے کہ رائے دہی کا فیصد مزید کم ہوگا ۔ چونکہ عام شہری پرامن ماحول میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنا چاہتے ہیں اور ایسے وقت قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ بیان کا جواب بیان سے دیں نہ کہ قانون اپنے ہاتھ میں لیں ۔ انہوں نے روزنامہ سیاست کے صحافی مبشر الدین خرم پر حملہ کو بدبختانہ قرار دیا اور کہا کہ صحافت کے علاوہ سیاسی قائدین شبیر علی سابق وزیر و رکن قانون ساز کونسل ، جناب اعظم علی خرم ٹی آر ایس قائد ، اتم کمار ریڈی پر حملہ کیا گیا ۔ جناب حامد محمد خاں نے حملوں کے ان واقعات کو منصوبہ بند سازش قرار دیا ۔ اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ماحول کو خراب کرنے کی سازش کی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام شہری حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان واقعات میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے ۔۔