جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ تحدیدات میں مزید نرمی

سرینگر۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سیویلین ٹریفک کی جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر نقل حرکت سے متعلق تحدیدات پر منگل کے دن سے مزید نرمی پیدا کی گئی ہے۔ عہدیداروں نے خانگی گاڑیوں کی سرینگر ۔ ادھم پور فاصلے پر نقل و حرکت پر عائد تحدیدات برخاست کردی ہیں۔ اب یہ خانگی گاڑیاں قومی شاہراہ نمبر 44 پر چہارشنبہ کے دن 23 مئی سے چل سکیں گی۔ اس سلسلے میں ایک سرکاری بیان بھی جاری کیا گیا ہے۔ سیول ٹریفک پر اس علاقہ میں سوائے اتوار کے باقی تمام دن امتناع تھا۔ قبل ازیں عہدیداروں نے سرینگر کا بارہمولہ علاقہ میں خانگی گاڑیوں کی نقل و حرکت پر عائد تحدیدات برخاست کردی تھیں۔ قومی شاہراہ پر جیش محمد خود کش حملے کے بعد سیویلین ٹریفک کو ہفتہ میں صرف 2 دن نقل و حرکت کی اجازت دی گئی تھی۔ 14 فروری کو جیش محمد کے سی آر پی ایف قافلے پر حملے کے دوران 40 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ جس کے ردعمل کے طور پر ہندوستان میں پاکستان کی سرزمین پر سرجیکل فضائی حملے بالاکوٹ کے مقام پر کئے تھے اور دہشت گردوں کے تربیتی کیمپوں کو تباہ کردینے کا دعویٰ کیا تھا۔