جموں گرینیڈ دھماکے میں ملوث کشمیری طالب علم ’بالغ‘

جموں، 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پولیس ذرائع کے مطابق حالیہ جموں گرینیڈ دھماکے میں مبینہ طور پر ملوث گرفتار شدہ ایک کشمیری طالب علم ’بالغ‘ ہے اور اس سلسلے میں عدالت میں اس کی ہڈی کی جانچ کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ جموں گرینیڈ دھماکے میں گرفتار کشمیری طالب علم یاسر جاوید کو نابالغ بتایا جارہا تھا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ہڈی کی جانچ کی رپورٹ کے مطابق جموں گرینیڈ دھماکے میں ملوث یاسر جاوید بٹ عرف چھوٹو کی عمر 19سال ہے اور اس سلسلے میں عدالت میں بہت جلد میڈیکل رپورٹ پیش کرکے اس کو حراست میں لینے کے لیے درخواست کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یاسر نے تفتیش کے دوران دعویٰ کیا کہ وہ برٹش کانونٹ اسکول یاری پورہ کولگام میں زیر تعلیم تھا وہاں اس کی عمر کے بارے میں کوئی ٹھوس ثبوت نہیں تھا لہذا ڈاکٹروں کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی تاکہ اس کی صحیح عمر معلوم کی جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی ٹیم نے اُس کو بالغ قراردیا ہے ۔