جموں و کشمیر کے انکاونٹر میں فوج کا کمانڈنگ آفیسر اور ملازم پولیس، دو عسکریت پسند ہلاک

سرینگر ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)ایک کمانڈنگ آفیسر جس نے کل ہی فوج کا تمغہ حاصل کیا تھا، آج ایک ملازم پولیس کے ساتھ حزب المجاہدین کے دہشت گردوں سے جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں جنگ کرتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔ کرنل مہندر ناتھ رائے کمانڈنگ آفیسر 42 راشٹریہ رائفلس اور ملازم پولیس مندورا دیہات میں جنگ کرتے ہوئے ہلاک ہوگئے دو عسکریت پسند جو مقامی افراد تھے، اس کارروائی میں مارے گئے جبکہ ایک فوجی شدید زخمی ہوگیا۔ کرنل رائے کو یودھ سیوا میڈل ان کی بے مثال منصوبہ بندی اور کارروائی کرنے کی بناء پر یوم جمہوریہ کے موقع پر عطا کیا گیا تھا۔ وہ یو پی کے شہر غازی پور کے متوطن تھے اور 9 گورکھا رائفلس سے وابستہ تھے جن کی خدمات عارضی طور پر راشٹریہ رائفلس کے سپرد کی گئی تھیں۔ ورثا میں دو دختران اور ایک فرزند ہیں۔ انکاونٹر کا آغاز اس وقت ہوا جبکہ پولیس راشٹریہ رائفلس کی مدد سے مقامی حزب المجاہدین عسکریت پسند اور اس کے دوسرے قریبی ساتھی کی اپنے مکان پر واپسی کی اطلاع ملنے پر مشترکہ کارروائی کی تھی۔ مہلوک عسکریت پسندوں کی شناخت بندورا کے متوطن عادل خان اور شیراز ڈار کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ دونوں حزب المجاہدین کے ارکان تھے۔ کچھ اسلحہ و گولہ بارود بھی ضبط کیا گیا۔