نئی دہلی 9 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سیلاب سے متاثرہ ریاست جموں و کشمیر میں رشتہ دار اور دوست احباب اپنے عزیزوں کے اتہ پتہ کے تعلق سے بے چین ہیں اور اس دوران مرکزی حکومت نے ریاستی حکومت سے کہا ہے کہ وہ ریاست میں سیلاب زدہ علاقہ سے بچائے گئے افراد کی فہرست اپنی ویب سائیٹ پر پیش کرے ۔ مرکزی معتمد داخلہ مسٹر انیل گوسوامی نے کہا کہ اگر بچائے گئے افراد کی فہرست کو ویب سائیٹ پر پیش کردیا گیا تو کئی افراد راحت کی سانس لیں گے کیونکہ ان کے رشتہ داروں اور عزیزوں کو بچالیا گیا ہے ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ریاستی حکومت سے یہ فہرست ویب سائیٹ پر پیش کرنے کو کہا ہے ۔ یہ کام جتنا ممکن ہوسکے جلد کردیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سیلاب زدہ علاقوں میں راحت کاری کاموں میں تاخیر پر عوام میں برہمی پیدا ہوئی تھی جو لازمی ہے تاہم یہ تباہی اتنی خطرناک تھی اور یہ سانحہ بہت بڑا ہے ایسے میں حکام کی جانب سے جتنے متاثرہ عوام تک پہونچا ؎جاسکتا ہے پہونچنے میں ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ‘ وزیر داخلہ اور دوسرے تمام متعلقہ حکام مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور یہ ہدایت دے رہے ہیں کہ متاثرہ عوام کو بچانے اور راحت پہونچانے کیلئے جو کچھ ممکن ہوسکتا ہے کیا جانا چاہئے ۔ معتمد داخلہ نے کہا کہ ریاستی حکومت کو جو کچھ بھی مدد کی ضرورت ہوگی مرکزی حکومت فراہم کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت جس کسی ضرورت کا اظہار کریگی ہم اسے پورا کردیں گے ۔
سیلاب زدہ جموں و کشمیر کو مدد کیلئے
کاٹجو کی عالمی برادری سے اپیل
نئی دہلی ، 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرنشین پریس کونسل آف انڈیا مرکندے کاٹجو نے آج ملک اور دنیا بھر کے عوام سے دلسوز اپیل کی کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی تمام ممکنہ مدد کریں، جو ’’شدید آفت سماوی‘‘ سے ابھرنے کی جدوجہد کررہا ہے۔ انھوں نے ایک بیان میں کہا، ’’میں تمام متعلقہ بالخصوص تمام ہندوستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ جس طرح بھی ہوسکے جموں و کشمیر کے لوگوں کی ہر ممکن مدد کریں، جو آپ کے بھائی اور بہن ہیں اور اس حالیہ وحشت ناک آفت سماوی کی وجہ سے پریشان حال ہیں‘‘۔ انھوں نے بتایا کہ حکومت جموں و کشمیر ایک یا دو روز کے اندرون یہاں ایک نوڈل ایجنسی قائم کرے گی تاکہ لوگوں کی عطائے دینے میں مدد کی جاسکے۔