جموں ۔ یکم ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : جے کے این پی پی نے ریاست میں اسمبلی انتخابات کے عدم انعقاد پر چہارشنبہ کو سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مرکز اور ریاستی انتظامیہ پر الزام لگایا اور کہا کہ عوام کو اپنی حکومت کا خود انتخاب کرنے کے حق سے محروم کر کے جمہوریت کا مذاق اڑایا جارہا ہے ۔ الیکشن کمیشن کا ایک اجلاس جو جموں و کشمیر اسمبلی کے انعقاد کے نظام العمل کو طئے کرنے کے لیے گذشتہ سہ شنبہ کو طلب کیا گیا تھا وہ غیر مختتم رہا ۔ الیکشن کے انعقاد پر غور کرنے والے پیانل نے اس بات کا فیصلہ کیا کہ وہ ریاست میں نافذ صدر راج کے مسئلہ پر قانونی ماہرین سے رائے لے گا ۔ چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا ، کمشنر اشوک لاواسا اور سشیل چندرا پر مشتمل ایک مکمل کمیشن کی نئی دہلی میں ایک نشست ہوئی جس میں الیکشن کے معاملے میں کشمیر انتظامیہ کے موقف پر غور و خوص کیا گیا ۔ کشمیر انتظامیہ چاہتا ہے کہ اسمبلی انتخابات نومبر میں کسی وقت مقرر کئے جائیں ۔ جے کے این پی پی کے صدر نشین اور سابق وزیر ہریش دیو سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر اسمبلی کے انتخابات کب مقرر کئے جائیں اس پر الیکشن کمیشن کے ساتھ 5 ویں اجلاس میں بھی فیصلہ نہ کر کے حکومت ہند اور ریاستی انتظامیہ نے جمہوریت کے ساتھ ’ نفرت انگیز مذاق ‘ کیا ہے ۔۔