جموں و کشمیر میں پھنسے ہوئے ملیالی سیاحوں کی بحفاظت واپسی کیلئے اقدامات

تھرواننتھاپورم 9 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعلی کیرالا اومین چنڈی نے وزیر داخلہ رمیش چینی تھالا کو ایک اہم ذمہ داری تفویض کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں سیلاب میں پھنسے ہوئے ملیالی سیاحوں کو بحفاظت واپس لانے کی توقعات وابستہ کی ہیں ۔ مسٹر چنڈی نے کہا کہ سرینگر سے بذریعہ طیارہ دہلی لانے کیلئے چنی تھالاکو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے جو 100 ملیالی سیاحوں کو واپس لانے کے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی تک بذریعہ طیارہ واپس لائے جانے کے بعد اُن سیاحوں کو ان کے آبائی مقام تک پہنچانے کے انتظامات کئے جائیں گے ۔ نئی دہلی میں ریاستی ریسیڈنٹ کمشنر کو ہدایت کی گئی ہے کہ ملیالی سیاحوں کی واپسی کیلئے رمیش چنی تھالا کے ساتھ ہر ممکنہ تعاون کیا جائے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ چنڈی نے کل وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک مکتوب تحریر کیا تھا جس میں انہوںنے ملیالی سیاحوں کی بحفاظت واپسی کے لئے مرکز سے مدد طلب کی تھی ۔ ملیالی سیاح جموں و کشمیر کے لئے الگ الگ گروپس میں روانہ ہوئے تھے لیکن بد قسمتی سے سیلاب میں پھنس گئے ۔ نئی دہلی کے کیرالا ہاوس میں ایک عارضی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے تاکہ سیاحوں کے رشتہ داروں کو مکمل اور صحیح معلومات فراہم کی جاسکے ۔